نئی دہلی
حکومتِ ہند جلد ہی چودہ سال کی عمر کی لڑکیوں کے لیے ملک گیر سطح پر انسانی پیپیلوما وائرس کے خلاف حفاظتی ٹیکہ کاری کا پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے، جس کے تحت “گارڈاسل” انجکشن مفت لگایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، چار اقسام پر مشتمل انسانی پیپیلوما وائرس ویکسین سروائیکل کینسر کا سبب بننے والے وائرس کی اقسام سولہ اور اٹھارہ سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ اقسام چھ اور گیارہ کے خلاف بھی مؤثر تحفظ دیتی ہے۔
ایک سرکاری ذریعے نے کہا كہ مضبوط عالمی اور ہندوستانی سائنسی شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ تجویز کردہ عمر کی لڑکیوں میں ویکسین کی صرف ایک خوراک ہی مضبوط اور طویل مدتی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا كہ قومی پروگرام کے تحت یہ ٹیکہ کاری رضاکارانہ اور مفت ہوگی، تاکہ تمام سماجی اور معاشی طبقات کو یکساں طور پر ٹیکہ کاری کی سہولت حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر انسانی پیپیلوما وائرس ٹیکہ کاری پروگرام کا آغاز حکومت کے ایسے نظامِ حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے، جہاں سائنسی شواہد، پالیسی فیصلے اور عملی نفاذ کی تیاری مل کر عوامی صحت پر نمایاں اثرات مرتب کرتے ہیں۔
ذرائع نے کہا كہ ملک بھر کے والدین اور سرپرستوں کو چاہیے کہ پروگرام شروع ہونے کے بعد آگے بڑھ کر یہ یقینی بنائیں کہ ان کی چودہ سالہ بیٹیوں کو انسانی پیپیلوما وائرس کے خلاف حفاظتی ٹیکہ لگایا جائے۔