چینی ایپس کے خلاف حکومت کا بڑا کریک ڈاؤن

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2026
چینی ایپس کے خلاف حکومت کا بڑا کریک ڈاؤن
چینی ایپس کے خلاف حکومت کا بڑا کریک ڈاؤن

 



نئی دہلی: حکومت نے ایک بڑے کریک ڈاؤن کے تحت تین چینی موبائل ایپس BAT-BMS، Lossigy اور Epoch-i-ion کو ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان ایپس کا استعمال ملک میں بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کو دور سے بند (ریموٹ شٹ ڈاؤن) کرنے کے لیے کیا جا رہا تھا۔

یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں دکھایا گیا کہ بعض ای رکشوں کو چینی اسمارٹ فون ایپ BAT-BMS کے ذریعے ریموٹ فیچر استعمال کرتے ہوئے اچانک غیر فعال کر دیا گیا۔ ان ویڈیوز کے بعد انٹرنیٹ سے منسلک گاڑیوں کے انتظامی نظام سے وابستہ سائبر سکیورٹی خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے BAT-BMS، Lossigy اور Epoch-i-ion ایپس کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا ہے، کیونکہ ان کا غلط استعمال بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کو دور سے بند کرنے کے لیے کیا جا رہا تھا۔ حکومتی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں اگر کوئی اور ایپ بھی اسی طرح کے غلط استعمال میں ملوث پائی گئی تو اسے بھی بلاک کر دیا جائے گا۔

ادھر جمعہ کے روز آئی ٹی سکریٹری ایس کرشنن نے سی آئی آئی سائبر سکیورٹی سمٹ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایپ اسٹورز کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے مناسب جانچ پڑتال کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر ایپ اسٹورز سے بات کرے گی تاکہ ممکنہ طور پر نقصان دہ ایپس صارفین کے لیے دستیاب نہ رہیں۔