نئی دہلی
انٹر-وزارتی بریفنگ میں ملک کی توانائی سپلائی اور گھریلو گیس کی تقسیم سے متعلق کئی اہم معلومات پیش کی گئیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ گھریلو ایل پی جی اور پی این جی کی فراہمی بغیر کسی کٹوتی کے مسلسل جاری ہے، تاہم مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ کمرشل گیس سلنڈرز پر اب تمام ریاستوں کو 10 فیصد اضافی ایل پی جی کوٹہ دیا جائے گا۔ یہ قدم خاص طور پر چھوٹے تاجروں اور ریستوران مالکان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا، جنہیں تہواروں یا طلب میں اضافے کے دوران قلت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ فی الحال تمام ریاستوں کو کمرشل ایل پی جی کی بلا رکاوٹ فراہمی جاری ہے۔
گھریلو گیس پیداوار میں اضافہ
حکومت کے لیے اطمینان کی بات یہ ہے کہ گھریلو ایل پی جی کی پیداوار میں 40 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود حکام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی عالمی اور گھریلو صورتحال اب بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے شہریوں سے ایک خاص اپیل کی ہے کہ جہاں پی این جی (پائپڈ نیچرل گیس) کی سہولت دستیاب ہے وہاں صارفین ایل پی جی سلنڈر کے بجائے پی این جی پر منتقل ہو جائیں۔ اس سے نہ صرف تقسیم کا دباؤ کم ہوگا بلکہ یہ زیادہ محفوظ اور آسان بھی ہے۔
ڈیجیٹل بکنگ میں ریکارڈ اضافہ
بریفنگ میں بتایا گیا کہ آج کل ایل پی جی کی کل بکنگ کا 93 فیصد حصہ آن لائن ذرائع کے ذریعے مکمل ہوا۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایل پی جی ایجنسی پر ذاتی طور پر جانے سے گریز کریں، کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری پورٹل یا ایپ کے ذریعے ہی بکنگ کریں۔
سخت نگرانی: 2300 آؤٹ لیٹس پر چھاپے
تقسیمی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے اور کالا بازاری روکنے کے لیے حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں 2300 ایل پی جی ریٹیل آؤٹ لیٹس پر اچانک معائنہ (سرپرائز انسپیکشن) کیا گیا۔
وزارت کی مسلسل نگرانی
ایل پی جی کیریئر نندادیوی اور شیوالک سے اس وقت گیس کی اتارائی جاری ہے اور کسی بھی بندرگاہ پر کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ وزارت مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
اسی دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یو اے ای کے صدر سے بات چیت کی ہے اور وہاں ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔ تہران میں قائم ہندوستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔