ہندوستان میں ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-05-2026
ہندوستان میں ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا
ہندوستان میں ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا

 



نئی دہلی
افریقہ کے مختلف حصوں میں حالیہ دنوں میں ایبولا وائرس کے کیسز میں اضافے کے درمیان وزارتِ صحت و خاندانی بہبود صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت اس بدلتی ہوئی صورتحال کی کڑی نگرانی کر رہی ہے۔احتیاطی اقدام کے طور پر، یوگنڈا سے حال ہی میں سفر کرکے آنے والے ایک شخص کو، جس نے جسم میں ہلکے درد کی شکایت کی تھی، مشاہدے اور مزید جانچ کے لیے بنگلورو کے سرکاری ایپیڈیمک ڈیزیز اسپتال میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مذکورہ شخص کی مجموعی صحت فی الحال اچھی ہے اور اسے صرف ہلکے جسمانی درد کی شکایت ہے۔اس شخص کا نمونہ لے کر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی بھیج دیا گیا ہے تاکہ لیبارٹری جانچ کی جا سکے۔ ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔وزارتِ صحت متعلقہ ریاستی حکام کے ساتھ مل کر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ہدایات کے مطابق تمام ضروری صحت عامہ کے پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے۔
فی الحال ہندوستان میں ایبولا وائرس بیماری کا کوئی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
دریں اثنا، وجئے واڑہ کے گورنمنٹ جنرل اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ اے وینکٹیشور راؤ نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ایبولا ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم نے 6 سے 8 بستروں پر مشتمل ایک ایبولا وارڈ قائم کیا ہے، جس میں تمام ضروری آلات موجود ہیں۔ گزشتہ دو دنوں سے ہم اپنی اسٹاف نرسوں اور صفائی کارکنوں کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس ایبولا انفیکشن کا کوئی ریکارڈ شدہ کیس موجود نہیں ہے۔ مستقبل میں اگر صورتحال سنگین ہوتی ہے تو ہم اپنی تیاریوں میں مزید اضافہ کریں گے۔ آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور دیگر تمام ضروری سہولیات دستیاب ہیں اور ہم ایبولا انفیکشن سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
ادھر آندھرا پردیش محکمہ صحت نے منگل کے روز وجئے واڑہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایبولا اسکریننگ کیمپ قائم کیا ہے۔ریاستی حکومت کی تعینات کردہ طبی ٹیمیں سنگاپور سے آنے والے مسافروں کی احتیاطی طور پر صحت جانچ کر رہی ہیں۔حکام کے مطابق مشتبہ کیسز کی نشاندہی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تھرمل اسکریننگ اور علامات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
محکمہ صحت کے حکام نے واضح کیا ہے کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور یہ کارروائی بین الاقوامی صحت سے متعلق انتباہات کے بعد معمول کی احتیاطی نگرانی کا حصہ ہے۔ مسافروں کو یہ مشورہ بھی دیا جا رہا ہے کہ اگر انہیں بخار، کمزوری، قے یا خون بہنے جیسی علامات ہوں یا ایسی کوئی سابقہ طبی تاریخ ہو تو فوراً متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔