گوگل ہندوستان میں پہلا اے آئی ہب قائم کرے گا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-10-2025
گوگل ہندوستان میں پہلا اے آئی ہب قائم کرے گا
گوگل ہندوستان میں پہلا اے آئی ہب قائم کرے گا

 



نئی دہلی: گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے منگل کے روز ایک بڑی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں ایک آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے کمپنی 15 ارب امریکی ڈالر (تقریباً 1,331.85 ارب ہندوستانی روپے) کی خطیر سرمایہ کاری کرے گی۔

سندر پچائی نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت بھی کی ہے۔ ایک خصوصی منصوبے کے تحت آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں ایک بڑا ڈیٹا سینٹر اور AI ہب قائم کیا جائے گا۔ سندر پچائی کا سوشل میڈیا پوسٹ: سندر پچائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا: "ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کرنا ایک شاندار تجربہ رہا۔

ہم نے وشاکھاپٹنم میں بننے والے گوگل کے پہلے AI ہب کا منصوبہ ان کے ساتھ شیئر کیا۔ یہ ایک تاریخی قدم ہوگا۔ اس AI ہب میں گیگاواٹ سطح کی کمپیوٹنگ صلاحیت، نیا بین الاقوامی سب سی گیٹ وے اور وسیع توانائی کے انفراسٹرکچر شامل ہوں گے۔" گوگل آئندہ پانچ سالوں میں ہندوستان میں 15 ارب امریکی ڈالر (تقریباً 1,331.85 ارب روپے) کی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے، جو کہ ہندوستان کے لیے ایک بڑی معاشی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

اس سے نہ صرف AI کے شعبے کو فروغ ملے گا بلکہ ہزاروں نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔ گوگل کلاؤڈ کے سی ای او تھامس کُریئن کا بیان: خبر رساں ادارے ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق، گوگل کے ایک پروگرام میں گوگل کلاؤڈ کے سی ای او تھامس کُریئن نے کہا: "یہ نیا AI ہب مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے، نئے ڈیٹا سینٹر کی صلاحیت، بڑے توانائی ذرائع اور توسیع شدہ آپٹیکل فائبر نیٹ ورک کو یکجا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ: "ہم آئندہ پانچ برسوں میں وشاکھاپٹنم میں AI مرکز کے قیام کے لیے 15 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔" یہ گوگل کا ہندوستان میں پہلا AI ہب ہوگا، اور کمپنی اس کے لیے ہندوستانی AI انجینیئرز کو بھرپور مواقع دے گی۔ تھامس کُریئن نے یہ بھی بتایا کہ گوگل پچھلے 21 سالوں سے ہندوستان میں سرگرم ہے اور اب تک 14,000 سے زائد ہندوستانی ملازمین اس سے وابستہ ہیں۔