وقف ایکٹ پر سپریم کورٹ - یہ ہماری پارلیمانی جمہوریت کے لئے خوش آئند ہے،رجیجو

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2025
  وقف ایکٹ پر سپریم کورٹ - یہ ہماری پارلیمانی جمہوریت کے لئے خوش آئند ہے،رجیجو
وقف ایکٹ پر سپریم کورٹ - یہ ہماری پارلیمانی جمہوریت کے لئے خوش آئند ہے،رجیجو

 



ممبئی : مرکزی وزیر کرن رجیجو نے پیر کے روز سپریم کورٹ کے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 پر فیصلے کا خیرمقدم کیا، جب عدالتِ عظمیٰ نے پورے قانون پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے صرف چند دفعات پر حتمی فیصلے تک عبوری طور پر عمل درآمد روک دیا۔ اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ہمارے اداروں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، اور اس فیصلے کو انہوں نے ’’ہماری جمہوریت کے لئے خوش آئند‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے وقف ایکٹ پر فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ حکومت کے سالیسٹر جنرل نے عدالت میں حکومت کے تمام پہلوؤں اور ارادوں کو مضبوطی کے ساتھ پیش کیا۔ یہ ہماری پارلیمانی جمہوریت کے لئے خوش آئند ہے۔ اس موضوع پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تفصیل سے بحث کی گئی تھی۔ کچھ لوگ بلاوجہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہیں۔ آپ پارلیمنٹ کے اختیار کو چیلنج نہیں کر سکتے، آپ صرف قانون کی مخصوص دفعات کو چیلنج کر سکتے ہیں، اور عدالتِ عظمیٰ نے اس پہلو پر مہر ثبت کی ہے۔

وزیر نے کہا کہ بل پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تفصیلی بحث ہوئی تھی اور یہ فیصلہ بھارتی جمہوریت کی طاقت اور ہمارے اداروں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سبھی طبقات کی شمولیتی ترقی اور انصاف کے لئے کام جاری رکھے گی۔رجیجو نے مزید زور دے کر کہا کہ ترمیم شدہ قانون براہِ راست غریب مسلمانوں، خصوصاً خواتین، بچوں اور یتیموں کے لئے فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے کہا

اس سے وقف جائیدادوں کے انتظام میں زیادہ شفافیت اور جوابدہی آئے گی، جو ایک عرصے سے تشویش کا موضوع رہا ہے۔ مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت ان دفعات پر غور کرے گی جن پر سپریم کورٹ نے عمل درآمد روک دیا ہے۔ ہم ’پریکٹسنگ مسلم‘ کے مسئلے پر بھی غور کریں گے، قواعد دیکھیں گے اور فیصلہ کریں گے کہ کیا کیا جا سکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 پر مکمل پابندی لگانے سے انکار کرتے ہوئے اس کی چند دفعات پر عبوری طور پر روک لگا دی، تاکہ آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر حتمی فیصلے تک ان پر عمل درآمد نہ ہو۔ چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گاوئی اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ترمیم شدہ ایکٹ کی کچھ دفعات کو تحفظ کی ضرورت ہے۔

عبوری حکم میں عدالت نے اُس دفعہ پر عمل درآمد روک دیا جس میں شرط رکھی گئی تھی کہ کوئی شخص وقف قائم کرنے کے لئے کم از کم پانچ سال تک اسلام کا پیروکار ہو۔ عدالت نے کہا کہ جب تک اس حوالے سے کوئی قواعد طے نہیں کئے جاتے، یہ شق معطل رہے گی۔ عدالت نے کہا کہ بغیر کسی قاعدے یا طریقۂ کار کے، یہ دفعہ من مانی طاقت کے استعمال کا سبب بن سکتی ہے۔ عدالت نے اُس شق پر بھی عمل درآمد روک دیا جس کے تحت کلیکٹر کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا تھا کہ آیا کوئی وقف جائیداد سرکاری زمین پر قابض ہے یا نہیں۔ عدالت نے کہا کہ کلیکٹر کو شہریوں کے ذاتی حقوق کے فیصلے کا اختیار نہیں دیا جا سکتا، یہ اختیارات کی علیحدگی کی خلاف ورزی ہوگی۔ وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025، جسے 2 اپریل کو لوک سبھا اور 3 اپریل کو راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا تھا، دونوں ایوانوں سے پاس ہوا اور 5 اپریل کو صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد قانون بن گیا۔