کیمور/ آواز دی وائس
وزیرِ دفاع اور بی جے پی کے رہنما راجناتھ سنگھ نے بہار کے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ آر جے ڈی کے "جنگل راج" کو ریاست میں واپس نہ لائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن گزر گئے "جب وہ کَٹّا (دیسی پستول) کے زور پر حکومت کرتے تھے۔
راجناتھ سنگھ نے اتوار کو بہار کے کیمور میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن اب گزر گئے جب وہ کَٹّا کے زور پر حکومت کرتے تھے۔ اب کوئی کسی کو دھمکانے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے آر جے ڈی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر حیرت ہوئی جب آر جے ڈی نے ایک 7 سالہ بچے کو اسٹیج پر تقریر کرنے کے لیے کہا۔ بچے نے کہا، جب میں اَن پڑھ تھا تو لاٹھی لیے گھومتا تھا، مگر جب تیجسوی بھیا وزیرِ اعلیٰ بنیں گے تو میں کَٹّا لیے گھوموں گا۔ شرم آنی چاہیے ایسی سیاست پر، جہاں معصوم بچوں کے ذہنوں میں اس طرح کی اقدار پیدا کی جاتی ہیں۔
اسی دن گیا میں ایک اور انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے بہار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ فیصلہ کریں کہ وہ اپنی ریاست کو ترقی کی راہ پر لے جانا چاہتے ہیں یا دوبارہ اُس "جنگل راج" کے دور میں واپس جانا چاہتے ہیں جو کانگریس اور آر جے ڈی کے دورِ حکومت میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو یہ طے کرنا ہے کہ آنے والے برسوں میں بہار کو ایک ترقی یافتہ بہار بنانا ہے یا اُسے پھر سے جنگل راج میں دھکیلنا ہے۔ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بننے جا رہا ہے... میں پُراعتماد ہوں کہ ہندوستان اُسی وقت ترقی یافتہ بنے گا جب بہار ترقی یافتہ ہوگا۔
وزیرِ دفاع نے تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی کے اس بیان پر بھی سخت تنقید کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ "کانگریس کا مطلب مسلمان اور مسلمان کا مطلب کانگریس"۔ راجناتھ سنگھ نے اس بیان کو سیاست کی انتہائی گراوٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ترقی لا سکتا ہے تو وہ این ڈی اے ہے، اور کوئی نہیں۔ جہاں تک آر جے ڈی اور کانگریس کا تعلق ہے، وہ بے معنی باتیں کرتے ہیں۔ وہ ذات، فرقہ اور مذہب کے نام پر معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو توڑ کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے دو تین دن پہلے تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ، جو کانگریس کے رہنما ہیں، کا بیان سنا۔ انہوں نے کہا کہ 'کانگریس کا مطلب مسلمان، اور مسلمان کا مطلب کانگریس'... کانگریس سیاست میں کتنی نیچے گرنا چاہتی ہے؟ میں اپنے مسلمان بھائیوں سے بھی کہتا ہوں — آپ کو بہکایا جا رہا ہے، اس پر سنجیدگی سے غور کریں۔۔۔
بہار کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں تاریخی 65.08 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی، جو ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ حال ہی میں مکمل ہوئی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کے تحت 122 نشستوں پر انتخابات 11 نومبر کو ہوں گے۔
بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج 14 نومبر کو اعلان کیے جائیں گے۔