نئی دہلی
مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ 2047 تک 30 ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت بننے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہندوستان کو اپنی بین الاقوامی شراکت داریوں کو مزید وسعت دینا ہوگی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی کسی ’’زیرو سم گیم‘‘ کا حصہ نہیں، جہاں ایک فریق کی کامیابی دوسرے کی ناکامی ہو، بلکہ یہ ترقی ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون سے جڑی ہوئی ہے۔"انڈیا گلوبل انوویشن کنیکٹ" کی پانچویں سالانہ میٹنگ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ ہندوستان کے پاس 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کا واضح روڈ میپ موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ 2047 تک ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے۔ اس وقت تک میری رائے میں ہندوستانی معیشت تقریباً 30 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ لیکن یہ اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہم اپنی بین الاقوامی شراکت داریوں میں توسیع نہیں کرتے۔
پیوش گوئل نے کہا کہ دنیا کی کئی ترقی یافتہ معیشتیں آبادی کے بڑھاپے جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں، جو ہندوستان کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان ممالک کی آبادی عمر رسیدہ ہو رہی ہے، اس لیے انہیں نوجوان صلاحیتوں اور ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے، جو ہندوستان کے پاس وافر مقدار میں موجود ہے۔
وزیر نے وضاحت کی کہ ان ترقی یافتہ ممالک میں تحقیق، ترقی اور پیداوار کی لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ سے باہمی تعاون پر مبنی ماڈل کی ضرورت پہلے سے زیادہ اہم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم سمجھتے ہیں کہ یورپ، امریکہ، کینیڈا، اسرائیل، خلیجی ممالک، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسے خطے ہندوستان اور اس کے کاروباروں کے لیے خطرہ نہیں ہیں۔ ان ممالک کے ساتھ شراکت داری مسابقتی نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی ہے۔
پیوش گوئل کے مطابق یہ بین الاقوامی اتحاد ہندوستان کے طویل مدتی اقتصادی روڈ میپ کا ایک اہم حصہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران ہندوستان نے 9 آزاد تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن میں 38 ممالک شامل ہیں۔وزیر نے کہا کہ یہ تمام ممالک اقتصادی طور پر ہندوستان سے زیادہ خوشحال ہیں اور انہیں ہندوستان کی 1.4 ارب آبادی پر مشتمل تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں کا مقصد نہ صرف ان ممالک کو ہندوستانی مارکیٹ تک رسائی دینا ہے بلکہ عالمی سرمایہ کاری کو بھی ملک کی جانب راغب کرنا ہے۔پیوش گوئل نے کہا کہ ان ممالک کے پاس سرمایہ کی بڑی مقدار موجود ہے اور وہ اسے سرمایہ کاری کی شکل میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ہندوستان ان کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیر تجارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نئی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے اور عالمی معیار کے معیاروں کو اپنانے کے لیے ایک مضبوط اور اعلیٰ سطحی ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) کی ضرورت ہے۔اپنے دورے کے دوران پیوش گوئل نے "سمادجا اینڈ سمادجا" کے چیئرمین کلاڈ سمادجا سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران بنیادی ڈھانچے کی ترقی، کاروباری ماحول کو مزید آسان بنانے اور عالمی سپلائی چین میں ہندوستان کی پوزیشن مضبوط کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں پیوش گوئل نے لکھا کہ انڈیا گلوبل انوویشن کنیکٹ 2026 کے موقع پر سمادجا اینڈ سمادجا کے چیئرمین جناب کلاڈ سمادجا کے ساتھ مفید گفتگو ہوئی۔ میں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، عالمی سپلائی چین میں ہندوستان کی پوزیشن مضبوط بنانے، جدت پر مبنی ترقی کو فروغ دینے اور ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ کو بہتر بنانے کے لیے مودی حکومت کی خصوصی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میک اِن انڈیا" جیسی پہل، مضبوط مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم اور کاروبار دوست اصلاحات کی بدولت ہندوستان عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مرکز بنتا جا رہا ہے۔پیوش گوئل نے کہا کہ میں نے آج ہندوستان میں موجود بے شمار مواقع کو اجاگر کیا، جو میک اِن انڈیا، مضبوط صنعتی ڈھانچے اور کاروبار دوست اصلاحات کی بدولت پیدا ہوئے ہیں، اور یہی عوامل ملک کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پسندیدہ منزل بنا رہے ہیں۔