گوا نائٹ کلب آگ حادثہ: عدالت نے لوتھرا برادرز کو ضمانت دینے سے انکار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-03-2026
گوا نائٹ کلب آگ حادثہ: عدالت نے لوتھرا برادرز کو  ضمانت دینے سے انکار کیا
گوا نائٹ کلب آگ حادثہ: عدالت نے لوتھرا برادرز کو ضمانت دینے سے انکار کیا

 



پناجی
گوا کی ایک عدالت نے برچ بائے رومیو لین نائٹ کلب کے مالکان سوربھ لوتھرا اور گورو لوتھرا کی پیشگی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ معاملہ ایکسائز لائسنس حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے استعمال سے متعلق ہے۔ماپوسا کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے جمعہ کو دونوں بھائیوں کی درخواست خارج کر دی، جس کی تصدیق ان کے وکیل پاراگ راؤ نے کی۔
لوتھرا برادران نارتھ گوا کے ارپورا گاؤں میں واقع ‘برچ بائے رومیو لین’ نائٹ کلب کے مالک ہیں، جہاں 6 دسمبر 2025 کو آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔آگ لگنے کے بعد دونوں بھائی تھائی لینڈ فرار ہو گئے تھے، جہاں سے انہیں 17 دسمبر کو ڈی پورٹ کر کے واپس لایا گیا۔ فی الحال وہ نارتھ گوا کی کولوالے سینٹرل جیل میں بند ہیں۔
انجونا پولیس جہاں اس معاملے میں آگ سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے، وہیں ماپوسا پولیس نے الگ سے جعلسازی کا مقدمہ درج کیا ہے، جس میں الزام ہے کہ انہوں نے نائٹ کلب کے لیے ایکسائز محکمہ سے لائسنس حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات پیش کیں۔وکیل پاراگ راؤ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جج نے دونوں کی پیشگی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی تفصیلی فیصلہ موصول نہیں ہوا ہے، ہم حکم کا جائزہ لیں گے۔ ہمیں اس کے مسترد ہونے کی توقع نہیں تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی نائٹ کلب کے ایک اور مالک اجے گپتا کو عدالت نے آگ کے معاملے اور اسی جعلسازی کیس میں ضمانت دے دی تھی۔راؤ کے مطابق، لوتھرا برادران نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ مبینہ جعلی دستاویزات پہلے ہی پولیس کے پاس موجود ہیں، اس لیے اس کیس میں ان کی حراست کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے مؤکلوں نے ان دستاویزات کے لیے درخواست نہیں دی تھی، جو مبینہ طور پر جعلی قرار دی جا رہی ہیں۔
کندولیم ہیلتھ سینٹر (نارتھ گوا) کے ہیلتھ افسر نے لوتھرا برادران کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ان کے دستخط جعلی بنا کر ایک فرضی این او سی  تیار کیا اور اسے ایکسائز محکمہ میں جمع کرا کے نائٹ کلب کا لائسنس حاصل کیا۔