گوا کلب کیس: عدالت نے لوتھرا برادرس کی پولیس حراست میں توسیع کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-12-2025
گوا کلب کیس: عدالت نے لوتھرا برادرس  کی پولیس حراست میں توسیع کی
گوا کلب کیس: عدالت نے لوتھرا برادرس کی پولیس حراست میں توسیع کی

 



ماپوسا/ آواز دی وائس
ماپوسا جے ایم ایف سی عدالت نے جمعہ کے روز ’برچ بائی رومیو لین‘ میں آتشزدگی کے معاملے میں گورو لوتھرا اور سوربھ لوتھرا کی پولیس حراست میں 29 دسمبر تک توسیع کر دی۔
لُتھرا برادران ’برچ بائی رومیو لین‘ نائٹ کلب کے شریک مالکان ہیں، جہاں 6 دسمبر کو آتشزدگی کے ایک واقعے میں 25 افراد کی جان چلی گئی جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس سے قبل بھی ماپوسا کی جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم ایف سی) عدالت ان کی حراست میں توسیع کر چکی تھی۔
اسی کے ساتھ ماپوسا جے ایم ایف سی عدالت نے اجے گپتا کو 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ اجے گپتا ’برچ بائی رومیو لین‘ کے تیسرے شراکت دار ہیں۔ اس سے قبل 16 دسمبر کو لوتھرا برادران کو تھائی لینڈ سے ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد دہلی سے گوا لایا گیا تھا۔ نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد دہلی کی ایک عدالت نے گوا پولیس کو ملزمان کی 48 گھنٹے کی ٹرانزٹ ریمانڈ دی تھی۔ 17 دسمبر کو دہلی ایئرپورٹ پر گرفتاری کے بعد ملزمان کو ماپوسا جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے برادران کو پانچ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔
متاثرہ خاندانوں کی نمائندگی کرنے والے وکیل وشنو جوشی کے مطابق، پولیس نے نئے انکشافات کیے ہیں، جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ لوتھرا برادران کے ٹریڈ لائسنس اور دیگر متعلقہ دستاویزات جعلی تھے۔ 6 دسمبر کو آرپورا کے نائٹ کلب میں لگنے والی آگ میں 25 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد حکومت نے مبینہ لاپروائی اور لازمی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر کلب مالکان کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کی۔
گوا پولیس کے مطابق، کلب میں آتشبازی کا پروگرام مناسب فائر سیفٹی آلات اور دیگر ضروری حفاظتی سازوسامان کے بغیر منعقد کیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ تفتیش کے ایک نازک مرحلے پر ملزمان کی گوا میں تحویل ضروری ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں اپنے دلائل پیش کرتے ہوئے گوا پولیس نے بتایا کہ ملزمان شمالی گوا کے آرپورا علاقے میں واقع ’برچ بائی رومیو لین‘ کے مرکزی مالکان اور شراکت دار ہیں اور کلب کے آپریشن، حفاظتی انتظامات، اجازت ناموں اور وہاں منعقد ہونے والی تقریبات پر ان کا مکمل اختیار تھا۔
پولیس کے مطابق، لوتھرا برادران کو اس بات کا علم ہونے کے باوجود کہ ریسٹورنٹ میں ہنگامی صورتحال میں انخلا کے لیے گراؤنڈ یا ڈیک فلور پر ایمرجنسی ایگزٹ دروازے موجود نہیں تھے، انہوں نے فائر شو کا انعقاد کیا۔ گوا پولیس نے 7 دسمبر کو پولیس اسٹیشن آرپورا انجوُنا، شمالی گوا میں بھارتیہ نیائے سنہیتا 2023 کی دفعات 105، 125، 125(اے)، 125(بی) اور 287، بمعہ دفعہ 3(5) کے تحت فوجداری مقدمہ درج کیا تھا۔