گوا حادثہ: ملزم لوتھرا برادرس کا پاسپورٹ ضبط، ویزا منسوخ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
گوا حادثہ: ملزم لوتھرا برادرس کا پاسپورٹ ضبط، ویزا منسوخ
گوا حادثہ: ملزم لوتھرا برادرس کا پاسپورٹ ضبط، ویزا منسوخ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
گوا کے ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 25 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک سے فرار ہونے والے کلب کے مالک سوربھ لوتھرا اور گورو لوتھرا اس وقت تھائی لینڈ پولیس کی حراست میں ہیں۔ انہیں ہندوستان واپس لانے کی کارروائی جاری ہے۔ دوسری جانب لوتھرا برادرس کے پاسپورٹ ضبط کیے جانے کے بعد امیگریشن حکام اب ان کے ویزے منسوخ کرنے کا عمل بھی شروع کر رہے ہیں۔
لوتھرا برادرس کو سوان پلو ڈیٹینشن سینٹر (ذیلی ڈویژن 3، انویسٹیگیشن ڈویژن، امیگریشن بیورو، 507 سوئی سوان پلو، ستھورن روڈ، تھونگ مہامیک، ستھورن، بینکاک) میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
 جمعرات کو کیا ہوا؟
حراست میں لینے کے بعد امیگریشن حکام نے ان کے پاسپورٹ چیک کیے اور تھائی لینڈ میں موجود ہندوستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا۔ بعد میں تھائی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے لوتھرا برادرس کی تفصیلات — نام، تاریخِ پیدائش، شہریت، فنگر پرنٹ، تصاویر، کیس فائل (بلیو کارنر نوٹس) — ہندوستان بھیجیں اور ان کے لیے ایمرجنسی ٹریول ڈاکیومنٹس جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا۔
حکومتِ ہند نے ان کی شناخت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے سسٹم اور پاسپورٹ ڈیٹا بیس سے منظوری کے بغیر ایمرجنسی ٹریول ڈاکیومنٹس جاری نہیں کیے جا سکتے تھے۔
گوا کے نائٹ کلب میں آتشزدگی کے بعد فرار ہونے والے دونوں بھائیوں کو تھائی لینڈ پولیس نے حراست میں لے لیا ہے اور انہیں ہندوستان لانے کی کارروائی تیزی سے جاری ہے۔
وزیر شری پد نائک کا بیان
گوا سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیر برائے قابلِ تجدید توانائی شری پد نائک نے پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہاں، دونوں لوتھرا بھائی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔"
انہوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تباہی کے بعد وہ کیوں بھاگے؟ وہ آخر کہاں تک بھاگ سکتے تھے؟
نائٹ کلب کے دوسرے شریک مالک اجے گپتا پولیس حراست میں
ادھر گوا کی ایک عدالت نے ’برچ بائے رومیو لین‘ نائٹ کلب کے شریک مالک عجَے گپتا کو سات دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔ گپتا کو بدھ کی رات دہلی سے ٹرانزٹ ریمانڈ پر گوا لایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق انہیں تفصیلی تفتیش کے لیے انجونا پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔
گپتا کے وکیل دیسائی نے کہا کہ ان کا موکل تفتیشی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔ عدالت لے جائے جاتے وقت گپتا نے صحافیوں سے کہا کہ مجھے کچھ نہیں معلوم، میرا اس میں کوئی ہاتھ نہیں۔ کلب کے انتظام میں میری کوئی بھی ذمہ داری نہیں تھی۔