نئی دہلی
سپریم کورٹ نے پیر کے روز اس بات پر زور دیا کہ صرف اس وجہ سے لڑکیوں کو تعلیم چھوڑنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے کہ اسکولوں میں سینیٹری نیپکن اور ان کے لیے الگ بیت الخلا کی سہولت موجود نہیں ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں جاری کردہ ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔
سپریم کورٹ کا یہ تبصرہ اُس وقت سامنے آیا جب مرکزی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ 30 جنوری کے فیصلے کے بعد، جس میں حکام کو طالبات کے لیے مفت سینیٹری نیپکن اور الگ بیت الخلا فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس حوالے سے کوششوں میں تیزی آئی ہے۔
جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اس پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کریں۔ یہ اس ملک کی خواتین اور لڑکیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہے۔ لڑکیوں کو صرف اس وجہ سے تعلیم ترک نہیں کرنی چاہیے اور گھر بیٹھ کر گھریلو کاموں تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔
بنچ نے مرکز کی جانب سے پیش ہونے والی ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ارچنا پاٹھک دوے سے کہا کہ اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس فیصلے پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور جہاں تک ممکن ہو، ہمارے فیصلے کے مطابق فائدے متعلقہ افراد تک پہنچائے جائیں۔
صنفی انصاف اور تعلیمی مساوات کو فروغ دینے کے مقصد سے 30 جنوری کو دیے گئے ایک تاریخی فیصلے میں سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی تھی کہ طالبات کو مفت آکسیو بایوڈیگریڈیبل سینیٹری نیپکن فراہم کیے جائیں اور اسکولوں میں تمام طلبہ و طالبات کے لیے صنفی بنیاد پر الگ الگ بیت الخلا کی سہولت مہیا کی جائے۔
عدالت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے متعدد ہدایات جاری کی تھیں تاکہ سرکاری، امداد یافتہ اور نجی تمام اسکولوں میں یہ بنیادی سہولیات یقینی بنائی جا سکیں۔