نئی دہلی
راہل گاندھی کی جانب سے ہندوستان-امریکہ عبوری تجارتی معاہدے پر سوال اٹھانے والی حالیہ ویڈیو کے جواب میں مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پر ’’غلط معلومات پھیلانے‘‘ اور حقائق کو نہ سمجھنے کا الزام عائد کیا ہے۔
راہل گاندھی کو جواب دیتے ہوئے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں گری راج سنگھ نے وضاحت کی کہ ہندوستان اس سے زیادہ متوازن اور بہتر تجارتی معاہدہ حاصل نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجارتی معاہدہ مجموعی طور پر صنعت کی ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہندوستانی کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا كہ راہل گاندھی حسبِ معمول حقائق کو سمجھے بغیر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ اپنے کئی مسابقتی ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر اور متوازن تجارتی معاہدہ حاصل کیا ہے۔ یہ معاہدہ صنعت کی ترقی کو سہارا دینے اور ہمارے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے جامع انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ ہندوستان کی کپاس کی برآمدات کی کہانی پہلے سے زیادہ مضبوط اور متنوع ہے۔‘
مرکزی وزیر نے کہا کہ اس وقت ہندوستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کسی ایک ملک تک محدود نہیں ہیں بلکہ 100 سے زائد ممالک میں ان میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یورپی یونین، برطانیہ، نیوزی لینڈ، عمان اور دیگر اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ مسلسل آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے ہندوستانی برآمد کنندگان کے لیے مختلف خطوں میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
سنگھ نے مزید کہا كہ ہم صرف ایک ہی منڈی پر منحصر نہیں ہیں۔ آج ہندوستان کی ٹیکسٹائل برآمدات 100 سے زائد ممالک میں بڑھ رہی ہیں، جو ہماری ٹیکسٹائل ویلیو چین پر عالمی اعتماد، مسابقت اور مضبوطی کی عکاسی کرتی ہیں۔ یورپی یونین، برطانیہ، نیوزی لینڈ، عمان اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ ایف ٹی ایز پر مسلسل پیش رفت کے باعث ہمارے برآمد کنندگان کے لیے متعدد جغرافیائی خطوں میں نئے مواقع کھل رہے ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ منڈی تک رسائی میں توسیع سے خطرات میں تنوع آئے گا، قیمتوں کی بہتر وصولی ممکن ہوگی اور کسانوں، جنرز، اسپنرز اور ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ اداروں کے لیے طویل مدتی مضبوط ترقی کو فروغ ملے گا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے 58 سے زائد نئی منڈیوں تک ٹیکسٹائل کی آزاد تجارتی رسائی حاصل کی ہے، جس سے برآمد کنندگان کے لیے 470 ارب امریکی ڈالر کی برآمدی صلاحیت پیدا ہوئی ہے، جبکہ 120 ارب امریکی ڈالر کی امریکی ٹیکسٹائل منڈی تک مضبوط رسائی بھی حاصل ہے، جس سے عالمی تجارت میں ہندوستان کی موجودگی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا كہ منڈی تک رسائی میں توسیع کا مطلب ہے خطرات میں تنوع، بہتر قیمتوں کی وصولی اور کسانوں، جنرز، اسپنرز اور ٹیکسٹائل تیار کرنے والوں کے لیے مضبوط طویل مدتی ترقی۔ جب کچھ لوگ ایک ہی منڈی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، تو بڑی تصویر بالکل واضح ہے — وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے 58 سے زائد نئی منڈیوں میں آزاد تجارتی ٹیکسٹائل رسائی حاصل کی ہے، جس کی برآمدی صلاحیت 470 ارب ڈالر ہے، اور ساتھ ہی 120 ارب ڈالر کی امریکی ٹیکسٹائل منڈی تک مضبوط رسائی بھی حاصل ہے، جس سے ہماری عالمی تجارتی موجودگی مضبوط ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر ہندوستان-امریکہ عبوری تجارتی معاہدے میں ٹیرف سے متعلق دفعات پر ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ہندوستانی کپاس کے کسانوں اور ٹیکسٹائل برآمد کنندگان پر منفی اثر ڈالے گا۔
راہل گاندھی نے کہا تھا کہ جہاں ہندوستانی ملبوسات پر امریکہ میں 18 فیصد ٹیرف عائد ہے، وہیں بنگلہ دیش کو اس شرط پر ملبوسات کی برآمد پر صفر فیصد ٹیرف کا فائدہ دیا جا رہا ہے کہ وہ امریکی کپاس درآمد کرے۔
پالیسی کے ڈھانچے پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ امریکی کپاس کی درآمد سے مقامی کسانوں کو نقصان ہوگا، جبکہ اسے درآمد نہ کرنے کی صورت میں ٹیکسٹائل صنعت کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش ہندوستان سے کپاس کی درآمد کم کرنے یا مکمل طور پر روکنے کے اشارے دے رہا ہے، جس سے ہندوستانی پیدا کرنے والوں کے لیے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔