نئی دہلی: ایک نئی رپورٹ کے مطابق بھارت کی زیرِ زمین قدرتی ذخائر میں قابلِ ذکر جیو تھرمل (Geothermal) توانائی کی صلاحیت موجود ہے، جسے بجلی پیدا کرنے، عمارتوں کو ٹھنڈا کرنے اور صنعتی حرارت فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ رپورٹ “The Future of Geothermal in India” کے عنوان سے جاری کی گئی ہے، جو Project InnerSpace اور Council on Energy, Environment and Water (CEEW) کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں تکنیکی طور پر تقریباً 11,000 گیگاواٹ صنعتی حرارت پیدا کرنے، 1,500 گیگاواٹ سے زائد کولنگ صلاحیت، اور تقریباً 450 گیگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
مطالعے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں زیرِ زمین درجہ حرارت اتنا زیادہ ہے کہ وہاں سے بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، جبکہ دیگر مقامات پر اسے کولنگ انفراسٹرکچر اور صنعتی حرارت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر بھارت میں بڑے پیمانے پر جیو تھرمل توانائی کو فروغ دیا جائے تو اس سے 3.5 لاکھ سے 7 لاکھ تک روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، اور خاص طور پر زرعی شعبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
سی ای ای ڈبلیو کے فیلو اور ڈائریکٹر اسٹریٹجک پارٹنرشپس کارتک گنیسن نے کہا کہ جیو تھرمل توانائی بھارت کے صاف توانائی کے مستقبل میں ایک اہم ستون بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے بھارت کا توانائی مکس صاف ذرائع کی طرف بڑھ رہا ہے، جیو تھرمل جیسے ابھرتے ہوئے ذرائع توانائی کی سلامتی کو بہتر بنا سکتے ہیں کیونکہ یہ موسم یا موسمیاتی تبدیلیوں پر انحصار نہیں کرتے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ بھارت میں جیو تھرمل توانائی پر دہائیوں سے تحقیق جاری ہے، لیکن زیادہ تر منصوبے پائلٹ سطح تک محدود رہے ہیں، جس کی وجہ زیادہ لاگت، ڈرلنگ کے غیر یقینی نتائج اور واضح پالیسی فریم ورک کی کمی ہے۔