جنرل این ایس راجا سبرامنی نے وزیر دفاع سے ملاقات کی

Story by  شیخ محمد یونس | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2026
جنرل این ایس راجا سبرامنی نے وزیر دفاع سے ملاقات کی
جنرل این ایس راجا سبرامنی نے وزیر دفاع سے ملاقات کی

 



نئی دہلی: نئے مقرر ہونے والے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل این ایس راجا سبرامنی نے منگل کے روز "کرتویہ بھون" میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ وزارتِ دفاع کے دفتر (RMO) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا: "نئے مقرر شدہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے کرتویہ بھون میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔"

اس سے قبل پیر کے روز جنرل راجا سبرامنی اپنی اہلیہ مہالکشمی سبرامنی کے ہمراہ دروپدی مرمو سے راشٹرپتی بھون میں ملاقات کر چکے ہیں۔ راشٹرپتی بھون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا: "چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے اپنی اہلیہ مہالکشمی سبرامنی کے ساتھ صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو سے راشٹرپتی بھون میں ملاقات کی۔"

نئے سی ڈی ایس کو نئی دہلی میں ساؤتھ بلاک کے احاطے میں ایک پروقار تقریب کے دوران گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل راجا سبرامنی نے کہا: "چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھالنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہم مسلح افواج پر کیے گئے قومی اعتماد کے لیے ملک کے شکر گزار ہیں۔

بھارتی فوج، بحریہ، فضائیہ، وزارتِ دفاع، تزویراتی ادارے اور تمام متعلقہ فریق قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے متحد ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعظم کے وژن 'JAI' (Jointness، Atma Nirbharta اور Innovation) کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

جنرل راجا سبرامنی کے مطابق: "مسلح افواج میں تبدیلی اور تنظیمی اصلاحات کے ذریعے باہمی اشتراک، ہم آہنگی اور انضمام کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ خود انحصاری قومی سلامتی کا بنیادی ستون ہے اور ہم مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں کی تیاری، شمولیت اور افواج میں انضمام کے عمل کو مزید تیز کریں گے۔

" بھارتی حکومت نے 9 مئی کو جنرل این ایس راجا سبرامنی کو ملک کا نیا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا تھا۔ وہ اس عہدے کے ساتھ ساتھ حکومتِ ہند کے محکمہ عسکری امور (Department of Military Affairs) کے سیکریٹری کے فرائض بھی انجام دیں گے۔