وارانسی:گنگا ندی کی سطح آب میں مسلسل اضافے کے پیش نظر وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار نے متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس کرکے سیلاب سے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔حکام کے مطابق گنگا کی سطح آب اس وقت تقریباً 68 میٹر ہے اور اس میں ہر گھنٹے 0.5 سینٹی میٹر کی رفتار سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وارانسی میں گنگا کی وارننگ سطح 70.262 میٹر ہے جبکہ خطرے کی سطح 71.262 میٹر اور انتہائی سیلاب کی سطح 73.901 میٹر مقرر ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے افسران کو سیلاب کے خطرے والے اور حساس علاقوں کی نشاندہی کرنے اور تمام ضروری انتظامات پہلے ہی مکمل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے سیلابی چوکیوں کو فعال رکھنے۔ کشتیوں اور امدادی سامان کی دستیابی یقینی بنانے اور ضروری وسائل کے ساتھ امدادی و بچاؤ ٹیموں کو تیار رکھنے کی ہدایت کی۔ضلع مجسٹریٹ نے محکمہ صحت۔ میونسپل کارپوریشن۔ محکمہ محصولات اور دیگر متعلقہ محکموں کو سیلابی چوکیوں پر شفٹ کے مطابق اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس محکمہ سے امدادی کیمپوں میں مناسب سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کو کہا گیا۔
حکام کو ہدایت دی گئی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور امدادی کیمپوں میں خوراک۔ پینے کا پانی۔ روشنی اور طبی سہولیات کا مناسب انتظام کیا جائے۔ بندوں اور دیگر حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔چیف ویٹرنری افسر کو دھب علاقے میں جانوروں کے لیے مناسب مقدار میں چارہ اور بھوسہ دستیاب کرانے اور تقسیم کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جانوروں کی ویکسینیشن مہم چلانے کو بھی کہا گیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں کسی بھی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم اور اعلیٰ حکام کو دینے اور عوام تک بروقت معلومات اور حفاظتی ہدایات پہنچانے کو بھی کہا گیا۔انہوں نے افسران کو ان مقامات کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی جہاں گزشتہ برسوں میں حادثات پیش آچکے ہیں۔ ایسے مقامات پر باقاعدہ گشت اور مناسب سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سدانند گپتا نے ضلع مجسٹریٹ کو سیلاب سے بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے لیے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کیا۔اجلاس میں ایس ڈی ایم صدر نتن سنگھ۔ این ڈی آر ایف کمانڈنٹ۔ واٹر پولیس کے افسران۔ مختلف محکموں کے افسران اور کونسلر بھی موجود تھے۔