شیخ مجیب الرحمان کو’گاندھی پیس پرائز‘۔ بنگلہ دیش کا اظہار تشکر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-03-2021
دونوں ممالک مشترکہ طور پر بنگلہ دیش کی آزادی کی 50 ویں سالگرہ کا جشن منا رہے ہیں
دونوں ممالک مشترکہ طور پر بنگلہ دیش کی آزادی کی 50 ویں سالگرہ کا جشن منا رہے ہیں

 

 

ڈھاکہ

بنگلہ دیش کی حکومت نے بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمان کو گاندھی پیس پرائز 2020 دینے کے ہندوستانی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے انفارمیشن افسر محمد توحید الاسلام نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت بنگلہ دیش اس قدم کے لئے دل کی گہرائیوں سے ہندوستان کی شکر گزار ہے ۔

محمد توحید الاسلام نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش اور اس کے عوام کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ بابائے قوم کو اس ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے ۔ یہ اعزاز بنگلہ دیش کی آزادی کے 50 ویں سال کے پس منظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب بنگلہ دیش سیاسی ، معاشی اور معاشرتی تبدیلی کے ذریعے ایک ایسے ترقی پذیر ملک بننے کے راستے پر گامزن ہے جس کی بنیاد بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمان نے رکھی تھی۔

یہ ایوارڈ ایک ایسے سال میں بنگلہ دیش اور ہندوستان کے تعلقات کے استحکام کو خراج تحسین ہے جب دونوں ممالک مشترکہ طور پر بنگلہ دیش کی آزادی کی 50 ویں سالگرہ کا جشن منا رہے ہیں ۔ بنگلہ دیش بنگ بندھو کی 100 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کی وراثت کو یاد کر رہا ہے ، ایسے میں یہ ایوارڈ عوام کی آزادی ، حقوق اور امنگوں کو یقینی بنانے اور عوام کو بھو ک، غربت اور استحصال سے نجات دلانے کے لئے اس عظیم رہنما کی تاحیات جدوجہد کا اعتراف ہے۔