مفرور تاجر میہل چوکسی ڈومینیکا سے گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-05-2021
پکڑا گیا بھگوڑا تاجر
پکڑا گیا بھگوڑا تاجر

 

 

نئی دہلی: پنجاب نیشنل بینک (پی این بی اسکیم) کا ملزم مفرور تاجر میہل چوکسی شمالی بر اعظم شمالی امریکہ کے ملک ڈومینیکا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ میہل چوکسی حال ہی میں انٹیگوا سے لاپتہ ہو گیا تھا، جہاں کی اس نے شہریت حاصل کی ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق میہل چوکسی کشتی کے ذریعے کیوبا بھاگنے کی کوشش کر ریا تھا۔ اس کے خلاف لُک آؤٹ سرکلر جاری کیا گیا تھا اور ڈومینیکا کی مقامی پولیس نے اسے گرفتار کیا۔

چوکسی کو فی الحال انٹیگوا اتھارٹی کے حوالہ کرنے کا عمل جاری ہے اور اسے کچھ دنوں میں حوالگی کے ذریعے ہندوستان بھی لایا جا سکتا ہے۔ گزشتہ دنوں مفرور ہیرا تاجر میہل چوکسی کے وکیل وجے اگروال نے اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے وکیل نے بتایا تھا کہ ہیرا تاجر کے لاپتہ ہو جانے سے اس کا کنبہ پریشان ہے اور انہیں تبادلہ خیال کے لئے طلب کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال انٹیگوا پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے تاہم اہل خانہ چوکسی کی سلامتی کے حوالہ سے فکرمند ہیں۔ ادھر، انٹیگوا اینڈ باربوڈا کے وزیر اعظم گیسٹن براؤنی نے اشارہ دیا ہے کہ میہل چوکسی کو ڈومینیکا سے براہ راست ہندوستان بھیجا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومینیکا سے کہہ دیا گیا ہے کہ غیر قانون طریقہ سے داخلہ پر وہاں کی حکومت کارروائی کرے اور حوالگی کے ذریعے اسے سیدھے ہندوستان بھیج دیا جائے۔