ایندھن کی بچت کی اپیل حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے: اکھلیش یادو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-05-2026
ایندھن کی بچت کی اپیل حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے: اکھلیش یادو
ایندھن کی بچت کی اپیل حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے: اکھلیش یادو

 



لکھنؤ
مغربی ایشیا کے تنازع کے درمیان وزیر اعظم  نریندر  مودی کی جانب سے کفایت شعاری مہم کی اپیل کے ایک دن بعد، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو نے پیر کو الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت معیشت اور خارجہ پالیسی دونوں کو سنبھالنے میں ناکام رہی ہے اور اس اپیل کو ’’ناکامی کا اعتراف‘‘ قرار دیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں یادو نے کہا کہ جیسے ہی انتخابات ختم ہوئے، حکومت کو اچانک ’بحران‘ یاد آ گیا۔ حقیقت میں ملک کے لیے صرف ایک ہی بحران ہے اور اس کا نام بی جے پی ہے۔اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے سوال کیا کہ اگر حکومت کو اتنی پابندیاں لگانی پڑ رہی ہیں تو ملک پانچ ٹریلین ڈالر کی معیشت کا ہدف کیسے حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جب اتنی زیادہ پابندیاں لگائی جا رہی ہیں تو پھر بہت چرچے میں رہنے والی ’پانچ ٹریلین ڈالر کی معیشت‘ حقیقت کیسے بنے گی؟ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی حکومت نے مکمل طور پر کنٹرول کھو دیا ہے۔‘‘
یادو نے دعویٰ کیا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تیزی سے کمزور ہو رہا ہے اور الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کی معاشی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر آسمان چھو رہا ہے جبکہ ہندوستانی روپیہ مسلسل گرتا جا رہا ہے۔‘‘
حکومت کی جانب سے سونا خریدنے سمیت غیر ضروری خریداری سے بچنے کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایسا مشورہ عام لوگوں کے بجائے بی جے پی لیڈروں کو دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سونا نہ خریدنے کی اپیل بدعنوان بی جے پی لیڈروں سے کی جانی چاہیے، عوام سے نہیں، کیونکہ عام لوگ تو ویسے ہی تھوڑی مقدار میں بھی سونا خریدنے کے قابل نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی لیڈر ’’کالے دھن کو سونے میں تبدیل‘‘ کرنے میں مصروف ہیں۔یادو نے کہا کہ اگر کسی کو اس پر شک ہے تو وہ لکھنؤ سے گورکھپور تک یا احمد آباد سے گوہاٹی تک پوچھ گچھ کر لے۔انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایسی اپیلیں اور پابندیاں صرف انتخابات کے بعد ہی کیوں سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران بی جے پی لیڈروں نے ہزاروں چارٹرڈ پروازیں کیں۔ کیا وہ طیارے پانی پر چل رہے تھے؟ کیا وہ ہوٹلوں میں نہیں ٹھہر رہے تھے؟ اگر بچت اتنی ضروری تھی تو انہوں نے پوری انتخابی مہم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیوں نہیں چلائی؟انہوں نے الزام لگایا کہ پابندیاں اور اپیلیں صرف عام لوگوں کے لیے ہیں جبکہ اقتدار میں بیٹھے لوگ بدستور سہولتوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سماجوادی پارٹی سربراہ نے خبردار کیا کہ حکومت کے ایسے بیانات بازاروں اور عوام میں گھبراہٹ پیدا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اپیل سے تجارت، کاروبار اور بازاروں میں کساد بازاری اور مہنگائی کے خدشات کے باعث خوف، بے چینی اور مایوسی پھیلے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا کام اپنے وسیع وسائل استعمال کر کے ملک کو ہنگامی حالات سے نکالنا ہے، نہ کہ خوف اور افراتفری پیدا کرنا۔یادو نے کہا کہ اگر حکومت مؤثر طریقے سے حکمرانی کرنے کے قابل نہیں ہے تو اسے ’’ملک کو تباہ کرنے کے بجائے اپنی ناکامی تسلیم کر لینی چاہیے۔
انہوں نے موجودہ معاشی صورتحال کے لیے مرکز کی خارجہ پالیسی کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا اور الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے ملک کی روایتی غیر جانبدار پالیسی کو چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’ان حالات کی اصل وجہ یہ ہے کہ بی جے پی حکومت نے ملک کی روایتی غیر وابستہ پالیسی کو ترک کر دیا اور مخصوص دباؤ اور مفادات کے تحت بعض گروہوں کے ساتھ خود کو جوڑ لیا۔یادو کے مطابق عوام ان پالیسیوں کی قیمت مہنگائی، بے روزگاری، سست روی اور معاشی بحران کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسان، مزدور، نوجوان، گھریلو خواتین، تنخواہ دار ملازمین، پیشہ ور افراد اور تاجر سب متاثر ہوئے ہیں۔سماجوادی پارٹی صدر نے الزام لگایا کہ بی جے پی ’’خارجہ پالیسی اور داخلی حکمرانی دونوں میں ناکام‘‘ رہی ہے اور حکومت کی اپیل کو ’’اپنی خامیوں کا اعتراف‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ تو حاصل کر لیے گئے، اب بی جے پی کی خامیاں سامنے آ رہی ہیں۔
حکمران جماعت پر وسیع حملہ کرتے ہوئے یادو نے بی جے پی پر ’’انتخابی بے ضابطگیوں کے ذریعے سیاست کو آلودہ کرنے‘‘، ’’نفرت پھیلا کر سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے‘‘ اور ’’اپنے طرز عمل سے ثقافتی و سماجی اقدار کو کمزور کرنے‘‘ کا الزام لگایا۔انہوں نے الزام لگایا، ’’ثقافتی، مذہبی، سیاسی، سماجی اور معاشی — ہر شعبے میں بی جے پی نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
یادو نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی اپیل کے بعد عوامی غصہ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور کہا کہ بی جے پی ’’انتخابی کرتب‘‘ کے ذریعے صورتحال کو زیادہ دیر تک نہیں سنبھال سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک اب صاف کہہ رہا ہے کہ اسے مزید بی جے پی نہیں چاہیے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا تھا کہ مرکز مغربی ایشیا کے تنازع کے منفی اثرات سے عوام کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ایندھن کے محتاط استعمال، سونے کی خریداری اور غیر ملکی سفر ملتوی کرنے سمیت کئی اقدامات کی اپیل کی تھی۔
تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی، شہروں میں میٹرو ریل خدمات کے استعمال، کار پولنگ، الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے استعمال، پارسل کی نقل و حمل کے لیے ریلوے خدمات اختیار کرنے اور مغربی ایشیا کے بحران کے دوران زرمبادلہ بچانے کے لیے ورک فرام ہوم اپنانے کی تجویز دی تھی۔
مودی نے کہا، کہ کووڈ-19 کے دوران ہم ورک فرام ہوم، ورچوئل میٹنگز، ویڈیو کانفرنسنگ اور کئی دیگر طریقوں کے عادی ہو گئے تھے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ ان طریقوں کو دوبارہ اپنایا جائے۔انہوں نے خوردنی تیل کے استعمال میں کمی، کیمیائی کھادوں کے کم استعمال، قدرتی کھیتی اور سوا دیشی مصنوعات کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی تاکہ زرمبادلہ کی بچت ہو اور ملک خود کفیل بن سکے۔