گوتم بدھ نگر
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز سماجوادی پارٹی پر الزام لگایا کہ اس نے نوئیڈا کو “لوٹ کا اے ٹی ایم” بنا دیا تھا، جبکہ بی جے پی حکومت کے تحت اتر پردیش اب “ترقی کا انجن” بن رہا ہے۔وزیرِ اعظم مودی نے آج اتر پردیش کے جیور میں نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ تقریباً 11,200 کروڑ روپے کی لاگت سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی نے نوئیڈا کو لوٹ کا اے ٹی ایم بنا دیا تھا، لیکن آج بی جے پی حکومت میں اتر پردیش ترقی کا انجن بن رہا ہے۔ یہ ڈبل انجن حکومت کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس ایئرپورٹ منصوبے میں تاخیر کی، جو 2004 سے 2014 تک فائلوں میں دبا رہا، جبکہ بی جے پی-این ڈی اے حکومت نے اس کی بنیاد رکھی اور اسے مکمل کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی سطح پر کانگریس کی قیادت والی حکومت اور اتر پردیش کی سابق حکومت نے اس ایئرپورٹ کی بنیاد رکھنے تک کی اجازت نہیں دی۔ 2004 سے 2014 تک یہ منصوبہ فائلوں میں پڑا رہا۔ لیکن جیسے ہی بی جے پی-این ڈی اے حکومت اقتدار میں آئی، اس کی بنیاد رکھی گئی اور آج اس کا افتتاح ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے دو بڑے فریٹ کوریڈور دادری میں ملتے ہیں، جس سے علاقے کی کنیکٹیویٹی مزید مضبوط ہوتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ یہ تمام منصوبے اتر پردیش کی ترقی کے لیے ڈبل انجن حکومت کی کوششوں کی بہترین مثال ہیں۔ سیمی کنڈکٹر فیکٹری ٹیکنالوجی میں خود کفالت کو فروغ دے رہی ہے، میرٹھ میٹرو اور نمو بھارت ٹرین تیز اور جدید رابطہ فراہم کر رہی ہیں، جبکہ جیور ایئرپورٹ پورے شمالی ہندوستان کو دنیا سے جوڑ رہا ہے۔
انہوں نے ماضی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوئیڈا کو کبھی توہم پرستی اور سیاسی خوف کی وجہ سے نظر انداز کیا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ نوئیڈا کو کبھی اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا تھا، کیونکہ کچھ حکومتیں اپنی کرسی کھونے کے ڈر سے یہاں آنے سے بھی گھبراتی تھیں۔ جب سماجوادی پارٹی کی حکومت تھی اور میں نے نوئیڈا آنے کا ارادہ کیا تو وزیرِ اعلیٰ اتنے خوفزدہ تھے کہ وہ تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ مجھے بھی کہا گیا کہ نوئیڈا نہ جائیں، لیکن میں نے کہا کہ میں اس دھرتی کا آشیرواد لینے جا رہا ہوں جس نے مجھے خدمت کا موقع دیا ہے۔ آج وہی علاقہ دنیا کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے اور ‘آتم نربھر ہندوستان’ کے عزم کو مضبوط کر رہا ہے۔
وزیرِ اعظم مودی نے ملک میں فضائی رابطے میں ہونے والی ترقی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ 2014 سے پہلے ملک میں صرف 74 ایئرپورٹس تھے، جبکہ آج ان کی تعداد 160 سے زیادہ ہو چکی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اب فضائی سفر صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہا بلکہ چھوٹے شہروں تک بھی پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ایئرپورٹ صرف ایک سہولت نہیں ہوتے بلکہ ترقی کو رفتار دیتے ہیں۔ اُڑان اسکیم کے تحت گزشتہ برسوں میں 1.60 کروڑ سے زیادہ شہری سستے داموں ہوائی سفر کر چکے ہیں۔ حال ہی میں اس اسکیم کو مزید وسعت دی گئی ہے، جس کے لیے تقریباً 29,000 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے تحت چھوٹے شہروں میں 100 نئے ایئرپورٹس اور 200 نئے ہیلی پیڈ بنانے کا منصوبہ ہے۔