رامائن سے رام مندر تک ۔ ساگر خاندان کی 3 نسلوں پرانا خواب پورا ہوگیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2026
رامائن سے رام مندر تک ۔ ساگر خاندان کی 3 نسلوں پرانا خواب  پورا ہوگیا
رامائن سے رام مندر تک ۔ ساگر خاندان کی 3 نسلوں پرانا خواب پورا ہوگیا

 



کرجت: ساگر خاندان کا 3 نسلوں پرانا خواب بالآخر مہاراشٹر کے کرجت میں رام مندر کی تعمیر کے ساتھ پورا ہوگیا۔ یہ اس خاندان کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہے جس کا نام کئی دہائیوں سے بھگوان رام اور رامائن سے گہری وابستگی کے ساتھ جڑا رہا ہے۔یہ مندر معروف فلم ساز رامنند ساگر کے اس عزم کی تکمیل ہے جو انہوں نے برسوں پہلے دیکھا تھا۔ رامنند ساگر 1987 میں نشر ہونے والی مشہور ٹی وی سیریل ’’رامائن‘‘ کے خالق تھے۔

ان کے بیٹے اور مرحوم فلم ساز پریم ساگر نے اس خواب کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے مجوزہ مندر کے لیے راجستھان سے رام کی ایک مورتی بھی حاصل کی تھی۔ تاہم گزشتہ سال ان کے انتقال کے بعد اس خواب کو مکمل کرنے کی ذمہ داری ان کے بیٹے پروڈیوسر اور ہدایت کار شیو ساگر نے سنبھالی۔

اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے شیو ساگر نے اس موقع کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ بھگوان رام ساگر خاندان کے لیے ایک عظیم نعمت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1987 کی ’’رامائن‘‘ سیریل ان کے دادا رامنند ساگر نے بنائی تھی۔ 2008 میں گورمیت چودھری اور دیبینا بونرجی کے ساتھ دوبارہ ’’رامائن‘‘ بنائی گئی۔ اس کے بعد انہوں نے ’’کاک بھوشنڈی رامائن۔ اَن سُنی کتھائیں‘‘ بنائی۔ ان کے دادا کی خواہش تھی کہ بھگوان رام کا مندر تعمیر کیا جائے۔ ان کے والد نے اس خواہش کو پورا کرنے کی کوشش کی اور رام کی مورتی بھی لے آئے۔ بدقسمتی سے گزشتہ سال ان کا انتقال ہوگیا اور اب وہ اس خواب کو آگے بڑھا رہے ہیں۔شیو ساگر نے کہا کہ یہ 3 نسلوں کی خواہش تھی جو بالآخر مندر کی تعمیر کے ساتھ پوری ہوئی ہے۔

شیو ساگر کے مطابق ان کے دادا کے فلمی کاموں کے پس منظر میں ہمیشہ روحانیت موجود رہی۔ ’’گیت‘‘۔ ’’آرزو‘‘۔ ’’للکار‘‘ اور ’’چراس‘‘ جیسی فلموں میں بھی روحانی خیالات اور عقیدت کے موضوعات کی جھلک نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دادا نے تقریباً 50 فلمیں لکھیں۔ پروڈیوس اور ڈائریکٹ کیں۔ اگر ان کی تمام فلموں کو دیکھا جائے تو ’’گیت‘‘۔ ’’آرزو‘‘۔ ’’للکار‘‘ اور ’’چراس‘‘ سمیت ہر فلم میں روحانیت کی کوئی نہ کوئی جھلک دکھائی دیتی ہے۔

کرجت میں رام مندر کی تکمیل ساگر خاندان کے لیے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے۔رامانند ساگر نے اپنی زندگی بھگوان رام کی کہانی اور تعلیمات کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانے کے لیے وقف کردی تھی۔ پریم ساگر نے مندر تعمیر کرنے کا خواب آگے بڑھایا۔ اب کرجت میں مندر کی تعمیر کے ساتھ پہلی مرتبہ خاندان کی عقیدت ایک ایسے مندر کی شکل میں سامنے آئی ہے جو خود ساگر خاندان کی کاوش کا نتیجہ ہے۔

شیو ساگر نے ایک بیان میں کہا کہ بھگوان رام ہمیشہ ان کے خاندان کے لیے رہنمائی کا ذریعہ رہے ہیں۔ ان کے دادا نے 70 سال کی عمر میں ’’رامائن‘‘ بنائی۔ ان کے والد پریم ساگر نے کرجت میں رام مندر تعمیر کرنے کا عزم کیا اور اب 3 نسلوں بعد یہ خواب مکمل ہوگیا ہے۔ ان کے لیے یہ انتہائی جذباتی اور روحانی لمحہ ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ خواب نسل در نسل سفر کرتا رہا اور بالآخر حقیقت بن گیا۔