پونے سے ممبئی تک: گنیش وسرجن کے سبب جلوس میلاد النبی کی تاریخوں میں تبدیلی

Story by  شاہ تاج خان | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2023
پونے سے ممبئی تک:  گنیش وسرجن کے سبب جلوس میلاد النبی کی تاریخوں میں تبدیلی
پونے سے ممبئی تک: گنیش وسرجن کے سبب جلوس میلاد النبی کی تاریخوں میں تبدیلی

 

شاہ تاج خان ۔ پونے

 عید میلاد النبی اور گنیش وسرجن 28 ستمبر کو ساتھ ساتھ ہیں ، مذہبی طور پر دونوں بڑے موقع ، جن سے لاکھوں بلکہ کروڑوں افراد کے مذہبی جذبات وابستہ ہیں ۔ جن کا اظہار اپنے اپنے اندازمیں کیا جاتا ہے۔  تاریخوں کی ٹکر کے سبب ایک مسئلہ بن رہے تھے لیکن پونے سے ممبئی تک اس کا حل نکال لیا گیا ۔ سیرت کمٹی نے ایک ایسا فیصلہ اور اعلان کیا جس نے ہر کسی کو واہ واہ کرنے پر مجبور کردیا۔ اول تو گنیش وسرجن کے سبب پونے کی  سیرت کمیٹی نے اب یکم اکتوبر اور پھر ممبئی میں ۲۹ ستمبر  کو جشن عید میلاد النبی  منانے کا اعلان کیا گیا ہے جس نے مذہبی رواداری  کی مثال پیش کی ہے۔

سیرت کمیٹی پونہ کی جانب سے مولانا غلام احمد خان قادری نے  آواز دی وائس کو بتایا کہ "ہمارے ہندو بھائیوں کا تہوار گنیش اُتسو پورے دس دن چلتا ہےاور دسویں دن گنیش وسرجن مروانوک ( جلوس) نکلتا ہے ۔جس کے مد نظر جشن عید میلاد النبی کا جلوس 28 ستمبر کی بجائے یکم اکتوبر کو نکالا جائے گا ۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر میں گنیش اُتسو بہت دھوم دھام سے منایا جاتا ہے ۔اِس سال یہ تہوار 19 ستمبر سے 28ستمبر تک منایا جائے گا ۔28 ستمبر کو گنیش وسرجن کے موقع پر جلوس نکلتا ہے جس میں کثیر تعداد میں لوگ شامل ہوتے ہیں ۔دوسری جانب عید میلاد النبی بھی 28 ستمبر کے روز ہے ۔اِس موقع پر مسلمان بھی جلوس نکالتے ہیں ۔عید میلاد النبی اور گنیش وسرجن ایک ہی دن ہونے کے سبب سیرت کمیٹی پونہ نے جلوس کی تاریخ کی تبدیلی کی جو پہل کی اُس کی چہار جانب سے ستائش کی جارہی ہے ۔

  سیرت کمیٹی نے پونہ شہر کے ذمّےداران کے ساتھ مشورہ کرنے کی غرض سے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا ۔جس میں علماء ،متعدد تنظیموں کے ذمے داروں نے شرکت کی اور متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ عید میلاد النبی کا جلوس اِس مرتبہ 28 ستمبر نہیں بلکہ یکم اکتوبر کو اپنے روایتی تزک و احتشام کے ساتھ نکالا جائے گا ۔

سیرت کمیٹی کے اس اعلان کے بعد چہار جانب سے موجودہ وقت کی نزاکت اور حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے گئے قدم کی ستائش کی جارہی ہے ۔

مسلمان بھائیوں کا شکریہ

 سکھل پیر تعلیم راشٹریہ ماروتی مندر منڈل کے صدر رویندر انّا ملوالڈکر نے سیرت کمیٹی کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شیواجی مہاراج ،بابا صاحب امبیڈکر ،مہاتما جیوتی با پھلے، انّا بھائو ساٹھے ،مولانا ابوالکلام آزاد جیسے لوگوں کے دیئے پیغامات کی وجہ سے پونہ سبھی مذاہب کا احترام کرنے والی نگری ہے ۔۔۔ میں سیرت کمیٹی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں ۔گنیش وسرجن کے دن لاکھوں کی تعداد میں لوگ جلوس میں شامل ہوتے ہیں اور عید میلاد النبی کے جلوس میں بھی کثیر تعداد میں مسلمان بھائی شامل ہوتے ہیں ۔دونوں کا راستہ ایک ہی ہوتا ہے ۔اِس لیے میں اپنے مسلم بھائیوں اور سیرت کمیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

کیا ہوگا پروگرام

سیرت کمیٹی کے جنرل سیکرٹری رفیع الدین شیخ نے بتایا کہ مولانا حافظ غلام احمد خان صاحب قادری کی صدارت میں بروز اتوار ظہر کی نماز کے بعد دو بجکر تیس منٹ پر منوشاہ مسجد نانا پیٹھ پونے سے جلوس کا آغاز ہوگا۔ اس جلوس کا روٹ سنت کبیر چوک، اے۔ ڈی کیمپ چوک، بھارت سنیما، نشاط ٹاکیز، بھگوان داس چل مارگ چوڈامن تالیم، پنجاب بیکری، باباجان چوک درگاہ، چارباوڑی پولیس چوکی، لشکر شیواجی مارکیٹ، سینٹر اسٹریٹ، کوریش مسجد، مہاویر چوک،رات نو بجےایم۔ جی روڈ، شربت والا چوک، سچا پیر اسٹریٹ، کوارٹر گیٹ، نانا چاوڑی چوک، الپنا سنیما، حمجے خان چوک، گووند حلوائی چوک اور سوونشا درگاہ چوک (جمعہ پٹھ) پر جلسہ کے بعد جلوس اختتام پذیر ہوگا۔

awazurdu

 محبت کی اسی مٹی کو ہندوستان کہتے ہیں

ہمارا ملک ہندوستان ہمیشہ سے ہی باہمی یگانگت ،اتحاد و اتفاق ،اخوت و محبت اور دوستی و یکجہتی کا گہوارہ رہاہے ۔ہر مذہب اخوت و انسانیت کا درس دیتا ہے ۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خاں نے کہا تھا کہ "درحقیقت ہندوستاں میں ہم دونوں بہ اعتبار اہل وطن ہونے ایک قوم ہیں اور ہم دونوں کے اتفاق اور باہمی ہمدردی اور آپسی محبت سے ملک کی اور ہم دونوں کی ترقی و بہبودی ممکن ہے ۔"تو ڈاکٹر رادھا کرشنن نے قومی یکجہتی کے متعلق کہا تھا کہ" قومی يكجہتی اینٹ اور چونے ، ہتھوڑے سے نہیں بنائی جاتی ۔یہ تو لوگوں کے ذہن و دل میں پیار اور محبت کے جذبے سے فروغ پاتی ہے ۔

ممبئی میں بھی ایک مثبت پہل

جو پونے میں ہوا ،اس نے ایک مثال قائم کی ۔ جس کے بعد ممبئی سے بھی ایسی ہی ایک خبر ملی۔ اندھیری میں بھی گنیش وسرجن اور میلاد النبی کی ایک تاریخ کے مسئلہ کو اسی انداز میں حل کیا گیا ہے ۔صدر عید میلادالنبی سامانی تیم جلوس کمیٹی اندھیری ممبئی کے صدر سلیم آپ خان شاہ نے اس کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہ عید میلادالنبی صلی نماد سالم جلوس کمیٹی اندھیری جو آپ خان نگر مرول سے شروع ہوکر سہار روڈ ہوتے ہوئے چاند شاہ ولی درگاہ پر اختتام پذیر ہوتا ہے کی میٹنگ بروز اتوار بتاریخ 27اگست 2023 کو منعقد ہوئی جس میں کمیٹی کے ذمہ داران و ائمہ مساجد کے مشورہ سے کمیٹی کے صدر سلیم آپ خان شاہ نے یہ طے پایا کے امسال جلوس عید میلاد النبی صلی سیا سیستم بروز جمعہ بتاریخ 29ستمبر 2023کو منعقد کیا جائے گا۔

لہذا اس تعلق سے ڈی سی پی زون نمبر 10شری دتہ تلاوڑے نے تاریخ 30/ اگست 2023 کو پولیس محکمے اور میونسپل کارپوریش کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کی جس میں عید میلادالنبی سان سیستم جلوس کمیٹی اندھیری کے صدر سلیم آپ خان اور کمیٹی کے دیگر اراکین و دیگر علاقائی تنظیموں کے عہدیدار موجود تھے اور ساتھ ہی علاقے کی کنیش اتسو کمیٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مذکورہ میٹنگ میں پولیس ، میونسپل کارپوریشن کے عملے اور گنیش اتسو کمیٹی کے ذمہ داران کی موجودگی میں عید میلادالنبی صلی شما ایلم کے جلوس کمیٹی اندھیری کے صدر سلیم آپ خان نے اعلان کیا کہ ہماری کمیٹی نے 29ستمبر 2023 کو جلوس عید میلادالنبی صلی ای ایم نکالنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ 28ستمبر 2023گنیش و سرجن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی سال میں یہ اہم کی تعلیمات ہمیں باہمی پیار و محبت سے رہنے کی تعلیم دیتی ہے اور قومی یک جہتی کو فروغ دینے کے لئے ہم نے یہ فیصلہ لیا ہے، جس پر ڈی سی پی اور موجود دیگر لوگوں نے اس فیصلے کی ستائش کی۔

 اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے

قومی یکجہتی اور بھائی چارہ کی مثال پیش کرتے ہوئے اِن چھوٹی چھوٹی کوششوں نے اس بات کا احساس دلایا ہے کہ مذہب ایک دوسرے کا احترام ،محبت پیار اور خلوص سکھاتا ہے ۔اِس طرح کے چھوٹے مگر اہم اقدامات کی آج بہت ضرورت ہے ۔امید کی جاسکتی ہے کہ مہاراشٹر میں گنیش وسرجن تو دھوم دھام سے منایا ہی جائے گا اور ساتھ ہی عید میلاد النبی کا جلوس بھی اپنے روایتی تزک و احتشام اور جوش و خروش کے ساتھ نکالا جائے گا ۔