پیرس
فرانس کے ایک فوجی کی عراق کے اربیل علاقے میں ایک حملے کے دوران ہلاکت ہوگئی جبکہ کئی دیگر فوجی زخمی ہو گئے۔ اس بات کی تصدیق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کی۔
میکرون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں بتایا کہ ساتویں بٹالین شاسیور الپین کے چیف وارنٹ افسر ارناؤ فریوں اس حملے میں ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے لکھا، “ساتویں بٹالین شاسیور الپین کے چیف وارنٹ افسر ارناؤ فریوں، جو وارسیس سے تعلق رکھتے تھے، عراق کے اربیل علاقے میں ایک حملے کے دوران فرانس کے لیے جان سے گئے۔ ان کے خاندان اور ان کے ساتھی فوجیوں کے لیے میں پوری قوم کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ ہمارے کئی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فرانس ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
فرانسیسی افواج سن 2015 سے عراق میں داعش کے خلاف جنگ میں شامل ہیں۔ میکرون نے اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “ایران کی جنگ ایسے حملوں کا جواز نہیں بن سکتی۔دوسری جانب عراق میں ایران کے حامی ایک گروہ نے خبردار کیا ہے کہ ایک فرانسیسی طیارہ بردار جہاز کی آمد کے بعد عراق اور پورے خطے میں فرانس کے مفادات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ یہ اطلاع ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔
یہ بیان اصحاب الکہف نامی گروہ کے ٹیلیگرام صفحے پر جاری کیا گیا، جو اس وقت سامنے آیا جب صدر امانوئل میکرون نے عراقی کردستان میں ایک فرانسیسی فوجی کی ہلاکت اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
اس سے قبل ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے ایران کی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ مغربی عراق میں مزاحمتی گروہوں کی جانب سے داغے گئے میزائل سے امریکی فوج کا ایندھن فراہم کرنے والا طیارہ مار گرایا گیا۔ترجمان نے پریس ٹی وی کو بتایا کہ اس طیارے میں سوار تمام چھ فوجی ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی انقلاب گارڈ کور کے شعبۂ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا کہ مزاحمتی محاذ کے فضائی دفاعی نظام نے ایک بوئنگ کے سی 135 اسٹریٹو ٹینکر طیارے کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک حملہ آور لڑاکا طیارے کو ایندھن فراہم کر رہا تھا۔تاہم امریکی مرکزی کمان نے عراق کے اوپر امریکی بوئنگ کے سی 135 اسٹریٹو ٹینکر ایندھن بردار طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق کی، لیکن کسی دشمنانہ حملے سے اس کا تعلق ہونے کی تردید کی۔ سرکاری بیان کے مطابق دو طیارے اس واقعے میں شامل تھے۔ ایک طیارہ مغربی عراق میں گر گیا جبکہ دوسرا محفوظ طریقے سے لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔
بیان میں کہا گیا كہ یہ واقعہ نہ تو دشمن کے حملے کی وجہ سے پیش آیا اور نہ ہی کسی دوست فوج کی فائرنگ کی وجہ سے۔
امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائی، جس کے نتیجے میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت ہوئی تھی، کے بعد مغربی ایشیا میں کشیدگی میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔ اٹھائیس فروری کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خلیجی ممالک میں اسرائیلی اور امریکی مفادات کو نشانہ بنایا، جس سے اہم بحری راستوں میں خلل پڑا اور عالمی توانائی منڈیوں پر بھی اثر پڑا۔جنگ کے چودھویں دن بھی دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکیوں کے باعث کئی ممالک کی توانائی ضروریات متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔