مفت طلبہ بس پاس سے تعلیم، حاضری اور داخلوں میں اضافہ ہوگا: ایشور کھنڈرے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-06-2026
مفت طلبہ بس پاس سے تعلیم، حاضری اور داخلوں میں اضافہ ہوگا: ایشور کھنڈرے
مفت طلبہ بس پاس سے تعلیم، حاضری اور داخلوں میں اضافہ ہوگا: ایشور کھنڈرے

 



بنگلورو
 کرناٹک کے وزیر ایشور کھنڈرے نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی قیادت والی نئی حکومت نے تعلیم اور روزگار کے فروغ کے لیے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ ان میں تمام اسکولی طلبہ کو مفت بس پاس فراہم کرنا اور ہزاروں خالی سرکاری آسامیوں پر بھرتی کے عمل کو تیز کرنا شامل ہے۔ اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کھنڈرے نے کہا کہ مفت بس پاس اسکیم سے خاندانوں پر پڑنے والا مالی بوجھ کم ہوگا اور طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب ملے گی۔
ایشور کھنڈرے نے کہا کہ پہلے اسکولی طلبہ کو بس پاس حاصل کرنے کے لیے رعایتی فیس ادا کرنی پڑتی تھی، لیکن اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام بس پاس مکمل طور پر مفت ہوں گے۔ طلبہ کو کوئی رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس سے اسکولوں میں داخلوں، حاضری اور تعلیم کے لیے دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔ یہاں تک کہ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے لیے بھی اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا زیادہ آسان اور پُرکشش بن جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ڈی کے شیوکمار نے اعلان کیا کہ پورے کرناٹک میں اسکولوں اور کالجوں کے تمام طلبہ کو مفت بس پاس دیے جائیں گے۔ شیوکمار نے بدھ کے روز کرناٹک کے 34ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا، جبکہ جی پرمیشور نے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ نئی کابینہ میں ایشور کھنڈرے سمیت 12 وزراء کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کانگریس حکومت کی گزشتہ مدت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کھنڈرے نے کہا کہ پارٹی نے گزشتہ تین برسوں کے دوران اپنے انتخابی وعدے پورے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ تین برسوں میں بہت اچھا کام کیا ہے۔ جو وعدے کیے گئے تھے انہیں پورا کیا گیا ہے اور منشور میں کیے گئے تمام اعلانات کو بھی نافذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ترقی سے متعلق متعدد امور پر غور کیا، جن میں بنگلورو کے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات، دیہی ترقی، تعلیم اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا شامل ہے۔ ان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے اہم پالیسی معاملات کا جائزہ لینے اور سفارشات پیش کرنے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔
ایشور کھنڈرے نے بے روزگاری اور مہنگائی کو ریاست کے سامنے موجود بڑے چیلنجز قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف محکموں میں خالی پڑی 56 ہزار 492 آسامیوں کو شفاف بھرتی عمل کے ذریعے پُر کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم نے بھرتی کے عمل پر تفصیلی بات چیت کی۔ نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرنا ضروری ہے اور تمام آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے ایک واضح وقت مقرر کیا جانا چاہیے۔" انہوں نے مزید بتایا کہ چیف سیکریٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مختلف محکموں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے بھرتیوں کا شیڈول جاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار کے متلاشی افراد کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی غرض سے نجی صنعتوں کے ساتھ بھی تعاون کرے گی۔ایشور کھنڈرے نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس)، روبوٹکس اور مشین لرننگ کی وجہ سے روزگار کے بازار میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں، جس سے نوجوانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ہمیں اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اگلی کابینہ میٹنگ میں غور و خوض کے لیے اہم تجاویز تیار کریں، جن میں مؤثر حکمرانی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔