کرنال میں 4 خالصتانی دہشت گرد گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
 کرنال میں 4 خالصتانی دہشت گرد گرفتار
کرنال میں 4 خالصتانی دہشت گرد گرفتار

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

پولیس نے جمعرات کی صبح ریاست ہریانہ کے ضلع کرنال میں نیشنل ہائی وے سے 4 خالصتانی دہشت گردوں کو گرفتار کیاہے۔ وہ چاروں گرفتار دہشت گرد انووا گاڑی میں ہائی وے سے گزر رہے تھے۔

 انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) نے اس کی اطلاع دی تھی۔ گرفتار کیے گئے چار دہشت گرد گرپریت، امن دیپ، پرویندر اور بھوپندر پنجاب کے رہنے والے ہیں۔ان میں سے تین کا تعلق فیروز پور اور ایک لدھیانہ سے ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ چاروں دہشت گرد تنظیموں کا تعلق ببر خالصہ سے ہے۔ ساتھ ہی پنجاب پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کی ٹیم بھی دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کے لیے پہنچ گئی ہے۔

پولیس نے ویڈیوٹیم اورایس ایف ایل ٹیم کو موقع پر بلایا۔ دہشت گردوں سے ایک دیسی ساختہ پستول، 31 کارتوس، 1.30 لاکھ روپے کی نقدی، 3 لوہے کے کنٹینرز برآمد ہوئے ہیں۔ ٹیم نے ان کا ایکسرے کروایا، جس میں دھماکہ خیز مواد کی تصدیق ہوگئی۔

 ایس پی گنگارام پونیا نے بتایا کہ چاروں ملزمان پاکستانی دہشت گرد ہرویندر سنگھ رندا کے کہنے پر کام کر رہے تھے۔ یہ رندا ہی تھا جس نے انہیں ہتھیار فراہم کیے اور انہیں عادل آباد (تلنگانہ) پہنچانے کا کام سونپا۔ اور بدلے میں چاروں کو بھاری رقم ملنی تھی۔

اس سے پہلے بھی ملزم اس طرح کی کھیپ ناندیڑ پہنچا چکے ہیں۔ رندا انہیں ڈرون فراہم کرتا تھا اور موبائل ایپ سے لوکیشن بھیجتا تھا۔ اس کے بعد وہ دھماکہ خیز مواد کو مخصوص جگہ پر پہنچاتے تھے۔دہشت گرد رندا نے گرفتار نوجوانوں کو موبائل ایپ کے ذریعے لوکیشن دی تھی۔ ان کے مطابق انہیں فیروز پور کہا جاتا تھا۔ فیروز پور میں ہندپاک سرحد کے قریب گرفتار ملزم گرپریت کے دوست آکاش دیپ کے ماموں کے کھیت ہیں۔

انہی کھیتوں میں ڈرون سے دھماکہ خیز مواد سپلائی کیا جاتا تھا۔ ان چاروں کو وہاں سے دھماکہ خیز مواد اٹھا کر تلنگانہ پہنچنا تھا۔ اس سے پہلے آئی بی کی اطلاع پر پولیس نے اسے کرنال میں پکڑ لیا ہے۔ایس پی گنگارام پونیا نے بتایا کہ گرفتار ملزم گرپریت جیل جا چکا ہے۔ جیل میں ہی اس کی ملاقات راج ویر نامی شخص سے ہوئی۔ راج ویر کی پاکستانی دہشت گرد ہرویندر سنگھ رندا کے ساتھ پرانی شناخت ہے۔ یہ راج ویر ہی تھا جس نے گرپریت سے رندا کی بات کرائی۔ وہ تقریباً 9 ماہ سے رابطے میں تھا۔

انٹیلی جنس بیورو کو موصول ہونے والی اطلاع کے بعد کرنال پولس اور سیکورٹی ایجنسیوں نے بستارا ٹول پلازہ پر ناکہ بندی کی اور انووا گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا۔ پولیس نے چاروں کو گرفتار کر کے گاڑی کی تلاشی لی اور اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ پولیس چاروں کو مدھوبن تھانے لے گئی ہے، جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔