نئی دہلی -چار لوگ.جن میں تین ڈاکٹر بھی تھے.جنہیں دہلی کے لال قلعہ دھماکے کے سلسلے میں پکڑا گیا تھا، آخرکار این آی اے نے پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا۔ تفتیش میں کوئی مضبوط ثبوت نہیں ملا کہ ان کا دھماکے کے اصل ملزم ڈاکٹر عمر ان نبی سے براہِ راست کوئی تعلق ہو۔
یہ ڈاکٹر ریحان، ڈاکٹر محمد، ڈاکٹر مستاقیم اور کھاد کے کاروباری دنیش سنگلا تھے۔ انہیں حال ہی میں ہریانہ کے نوح سے پکڑا گیا تھا۔ ان ڈاکٹروں کا پہلے ڈاکٹر عمر سے رابطہ رہا تھا اور یہ سب الفلاح یونیورسٹی سے جڑے تھے، جس کا نام اس معاملے میں آ رہا ہے۔ تفتیش کار یہ بھی دیکھ رہے تھے کہ کہیں بارودی مواد کے لیے کیمیکل کھاد فروشوں کے ذریعے تو نہیں لیا گیا۔
تین دن کی سخت پوچھ گچھ کے بعد بھی نہ کوئی ثبوت ملا اور نہ ہی کوئی ڈیجیٹل ریکارڈ، اس لیے چاروں کو چھوڑ دیا گیا۔ ان کے گھر والے بھی تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ واپس آگئے ہیں۔ البتہ NIA ان پر نگاہ رکھے گی۔
اب تک میوات سے سات افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، لیکن ان میں سے چار کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ تفتیش اب میوات کی طرف بڑھی ہے کیونکہ وہاں سے ملے کچھ چھوڑے ہوئے موبائل فون اور CCTV فوٹیج نے نئے سراغ دیے ہیں۔
10 نومبر کو لال قلعہ کے پاس ایک کار میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 13 لوگ جان سے گئے اور کئی زخمی ہوئے۔ تفتیش میں ڈاکٹر عمر، جو پلوامہ کا رہنے والا اور الفلاح یونیورسٹی میں ملازم تھا، اس پورے معاملے کا مرکزی کردار نکلا۔
ایجنسیاں سمجھتی ہیں کہ "وائٹ کوٹ" یعنی ڈاکٹرز پر مشتمل ایک چھپا ہوا نیٹ ورک کام کر رہا تھا۔ چھاپوں میں تقریباً 3000 کلو بارودی مواد بھی ملا۔ امکان ہے کہ ڈاکٹر عمر نے دھماکہ اس ڈر سے وقت سے پہلے کر دیا کہ کہیں پوری کارروائی پکڑی نہ جائے۔
مزید جانچ میں کئی شہروں کو نشانہ بنانے کی ایک بڑی سازش کا اشارہ مل رہا ہے، جس میں کچھ بڑے دہشت گرد نیٹ ورکس کا ہاتھ بتایا جا رہا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے، خاص طور پر کشمیر سے، کئی افراد کو اس سلسلے میں حراست میں لیا گیا ہے۔