پونے
سینے میں انفیکشن کے بعد یہاں ایک نجی اسپتال میں داخل کرائے گئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے صدر شرد پوار کی صحت میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے۔ ڈاکٹروں نے منگل کو یہ جانکاری دی۔
راجیہ سبھا کے 85 سالہ رکن شرد پوار کو سانس لینے میں دشواری اور مسلسل کھانسی کی شکایت تھی، جس کے بعد پیر کی دوپہر انہیں پونے ضلع کے بارامتی قصبے میں واقع ان کی رہائش گاہ سے روبی ہال کلینک منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال کے معالج اور ٹرسٹی ڈاکٹر سائمن گرانٹ نے بتایا کہ شرد پوار کی حالت میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا كہ ان کے تمام اہم طبی پیمانے معمول کی حد میں ہیں۔ مجموعی طور پر ان کی طبی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر گرانٹ کے مطابق، اسپتال میں داخلے کے وقت انہیں جو ہلکی سی تکلیف لاحق تھی، وہ مسلسل طبی نگرانی اور علاج کے بعد ختم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا كہ احتیاطی تدبیر کے طور پر انہیں ابھی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ان کا علاج روبی ہال کلینک کے طے شدہ طبی پروٹوکول کے مطابق ہی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صحت میں بہتری کی بنیاد پر آئندہ علاج کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔ اسپتال انتظامیہ نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے کارکنوں اور شرد پوار کے خیرخواہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسپتال میں جمع نہ ہوں تاکہ معمول کے مریضوں کی دیکھ بھال میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
واضح رہے کہ سابق مرکزی وزیر شرد پوار ماضی میں منہ کے کینسر میں مبتلا رہ چکے ہیں۔ ان کے بھتیجے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی 28 جنوری کو ایک ہوائی حادثے میں موت ہو گئی تھی۔ اجیت پوار کی اہلیہ اور مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترہ پوار پیر کی شام اپنے بیٹے پارتھ کے ساتھ شرد پوار کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچی تھیں۔