نئی دہلی
اے آئی اے ڈی ایم کے کے سابق وزیر اور باغی رہنما سی. وجے بھاسکر نے منگل کو تمل ناڈو اسمبلی کے اسپیکر جے سی ڈی پربھاکر کو اپنی اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ پیش کر دیا۔پربھاکر نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ استعفیٰ خود وجے بھاسکر نے اپنے ہاتھ سے تحریر کیا تھا اور یہ اسمبلی کے قواعد کے مطابق تھا، اس لیے اسے منظور کر لیا گیا۔
وجے بھاسکر ضلع پڈوکوٹائی کی ویرالی ملئی اسمبلی نشست کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وہ سابق اے آئی اے ڈی ایم کے حکومت میں وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔وجے بھاسکر ان باغی اے آئی اے ڈی ایم کے رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے 13 مئی کو اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے دوران ٹی وی کے حکومت کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
اس سے قبل اے آئی اے ڈی ایم کے کے چار دیگر ارکانِ اسمبلی بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے چکے تھے اور بعد میں حکمراں ٹی وی کے میں شامل ہو گئے تھے۔اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے سے قبل وجے بھاسکر نے اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ ایڈاپاڈی کے. پلانی سوامی کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کا مطلب اقتدار یا غرور نہیں ہوتا بلکہ سب کو ساتھ لے کر چلنا اور مکمل دیانت داری و وابستگی کے ساتھ کام کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قیادت عوام کے دل کیسے جیت سکتی ہے، جب وہ اپنی ہی پارٹی کے لیے سخت محنت کرنے والے کارکنوں کے دل جیتنے میں ناکام رہے؟۔