امرتسر: سابق سفارت کار نودیپ سوری نے پنجاب میں جاری ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے عمل پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہیں ایک نوٹس موصول ہوا ہے، جس میں کہا گیا کہ ان کی تفصیلات 2003 کی ایس آئی آر سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ متحدہ عرب امارات اور مصر میں ہندوستان کے سفیر اور آسٹریلیا میں ہائی کمشنر رہنے والے نودیپ سوری نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پریشانی بیان کی۔
انہوں نے لکھا، ’’میں نے پنجاب میں ایس آئی آر کے حوالے سے اپنا تجربہ الیکشن کمیشن کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ میں بی ایل او کے پاس گیا، ووٹر کارڈ اور آدھار کارڈ جمع کرائے اور مجھے یقین دلایا گیا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ لیکن آج ایک رضاکار کا پیغام آیا کہ میری کچھ تفصیلات 2003 کی ایس آئی آر سے میل نہیں کھاتیں۔‘‘ سوری کے مطابق، انہوں نے بوتھ لیول آفیسر (BLO) سے بات کی، جس نے انہیں نوٹس حاصل کرنے کو کہا۔ اس کے بعد ان سے ایسے دستاویزات کے ساتھ دوبارہ آنے کو کہا گیا، جن سے یہ ثابت ہو سکے کہ وہ ہندوستانی شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے بتایا کہ وہ 2003 میں ہندوستان میں موجود نہیں تھے تو ان سے شہریت کے ثبوت کے طور پر پاسپورٹ طلب کیا گیا۔
نودیپ سوری نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’میرے پاس ووٹر شناختی کارڈ اور آدھار کارڈ کے علاوہ بھی دستاویزات موجود ہیں۔ لیکن میں یہ سوچنے سے خود کو نہیں روک سکتا کہ اگر تین ممالک میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے بعد بھی مجھے اپنی شہریت ثابت کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے تو ایک عام شہری کا کیا ہوگا؟ شاید یہی 'ایز آف لیونگ' ہے!‘‘ دوسری جانب پنجاب کی چیف الیکٹورل آفیسر انندیتا مترا نے کہا کہ نودیپ سوری کا نام کبھی ووٹر فہرست سے نہیں ہٹایا گیا۔ ان کا نام 13 اگست کو شائع ہونے والی مسودہ ووٹر فہرست میں بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوری کو صرف ایک نوٹس جاری کیا گیا تھا اور کچھ ضروری دستاویزات جمع کرانے کے لیے کہا گیا تھا۔ تمام لازمی دستاویزات ملنے کے بعد ان کا نام ووٹر فہرست میں شامل کر دیا گیا۔ ان کا ووٹ پہلے بھی امرتسر میں رجسٹرڈ تھا اور اب بھی وہیں رجسٹرڈ ہے۔ نودیپ سوری قاہرہ، دمشق، واشنگٹن، دارالسلام اور لندن میں ہندوستانی سفارتی مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ جوہانسبرگ میں ہندوستان کے قونصل جنرل بھی رہے۔ ان کی سفارتی خدمات کے اعتراف میں متحدہ عرب امارات کے صدر نے انہیں ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز آرڈر آف زاید دوم سے نوازا تھا۔