نئی دہلی:افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران طویل علالت کے بعد 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
شاپور زدران ایک نایاب مدافعتی نظام کی بیماری ہیموفیگوسائٹک لیمفو ہسٹیوسائٹوسس سے متاثر تھے اور گزشتہ کئی ماہ سے دہلی این سی آر میں زیر علاج تھے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ گہرے رنج و غم کے ساتھ سابق افغان فاسٹ بولر شاپور زدران کے انتقال کی خبر دی جا رہی ہے۔
بورڈ نے شاپور زدران کو افغانستان کرکٹ کے بانی کھلاڑیوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن۔ جذبے اور غیر متزلزل عزم نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور افغانستان کو بین الاقوامی کرکٹ میں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ شاپور زدران ان کرکٹرز میں شامل تھے جنہوں نے افغانستان کی ابتدائی کرکٹ کی بنیاد مضبوط کی اور وہ راستہ ہموار کیا جس کے ذریعے افغان کرکٹ عالمی سطح تک پہنچی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ شاپور زدران نے اپنے پورے کیریئر میں بہادری۔ عزت اور فخر کے ساتھ قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ ان کی خدمات اور کامیابیاں افغانستان کرکٹ کی تاریخ کا ہمیشہ اہم حصہ رہیں گی۔
شاپور زدران نے 2009 سے 2020 کے درمیان افغانستان کے لیے مجموعی طور پر 80 بین الاقوامی میچ کھیلے جن میں 44 ایک روزہ بین الاقوامی اور 36 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ شامل ہیں۔
بورڈ نے کہا کہ شاپور زدران نوجوان افغان کرکٹرز کے لیے ایک بڑی تحریک تھے۔ ان کی جدوجہد۔ عزم اور کھیل سے محبت نے نئی نسل کو بڑے خواب دیکھنے اور افغانستان کرکٹ کے روشن مستقبل پر یقین رکھنے کا حوصلہ دیا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے شاپور زدران کے اہل خانہ۔ دوستوں۔ سابق ساتھی کھلاڑیوں اور پوری افغان کرکٹ برادری سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
بیان کے اختتام پر بورڈ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شاپور زدران کی مغفرت فرمائے۔ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔