ڈہلی بلاسٹ: ای ڈی نے کیا بڑا انکشاف

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-11-2025
ڈہلی بلاسٹ: ای ڈی نے کیا بڑا انکشاف
ڈہلی بلاسٹ: ای ڈی نے کیا بڑا انکشاف

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
الـفلاح یونیورسٹی کی زمین کی خریداری سے متعلق ای ڈی  کی تفتیش میں ایک بڑا فراڈ سامنے آیا ہے، جس میں ایسے افراد کے نام پر جعلی جنرل پاور آف اٹارنی  تیار کی گئی جن کا انتقال کئی سال بلکہ کئی دہائیاں پہلے ہو چکا تھا۔
حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے این آئی کو بتایا کہ جنوب مشرقی دہلی کے مدنپور کھادر علاقے میں کھسرا نمبر 792 کی زمین، ٹربیۃ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے خریدی، جو الـفلاح گروپ کے چیئرمین جواد احمد صدیقی سے منسلک ہے، اور یہ خریداری مبینہ طور پر جعلی ملکیتی دستاویزات کی بنیاد پر کی گئی۔ ای ڈی نے صدیقی کو 18 نومبر کی شام منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 کی دفعہ 19 کے تحت گرفتار کیا، جب ادارے نے 14 نومبر کو درج ای سی آر کی تفتیش کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا۔
بعد کی تفتیش میں ای ڈی کو پتہ چلا کہ 7 جنوری 2004 کی جی پی اے پر ایسے کئی مالکان کے دستخط اور انگوٹھوں کے نشان موجود ہیں جن کا انتقال 1972 سے 1998 کے درمیان ہو چکا تھا۔ اس کے باوجود 2004 کی گی پی اے پر ان کے دستخط موجود ہیں، جسے بعد میں زمین کی فروخت کے لیے استعمال کیا گیا۔ ای ڈی کے مطابق دستاویزات میں نمایاں بے ضابطگیاں نظر آتی ہیں۔ ان میں یہ بات سامنے آئی کہ ناتھو (انتقال: 1 جنوری 1972)، ہر بند سنگھ (انتقال: 27 اپریل 1991), ہرکیش (انتقال: 12 جون 1993)، شیو دیال (انتقال: 22 جنوری 1998) اور جے رام (انتقال: 15 اکتوبر 1998) سب کے سب برسوں پہلے وفات پا چکے تھے، مگر پھر بھی 2004 کی جی پی اے پر انہیں دستخط کنندہ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
یہ جی پی اے بظاہر بھولے رام کے بیٹے وِنود کمار کے حق میں بنائی گئی تھی۔ حکام نے کہا کہ قانون کے مطابق کوئی وفات یافتہ شخص جی پی اے تیار نہیں کر سکتا اور نہ ہی ایسی دستاویز کی کوئی قانونی حیثیت ہوتی ہے۔
اس کے باوجود 27 جون 2013 کی رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کے ذریعے زمین ٹربیۃ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 75 لاکھ روپے میں منتقل کی گئی، جہاں وِنود کمار نے جعلی جی پی اے کی بنیاد پر متعدد مرحوم مالکوں کی طرف سے دستخط کیے۔ حکام کے مطابق اب تک کی تفتیش یہی ثابت کرتی ہے کہ جی پی اے جعلی تھی، دستخط اور انگوٹھے کے نشان جعل سازی پر مبنی تھے، زمین کو دھوکے سے منتقل کیا گیا اور ٹربیۃ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اس فراڈ کی آخری مستفید نظر آتی ہے۔
مزید تحقیقات اس بات کا تعین کرنے کے لیے جاری ہیں کہ مجرمانہ ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے، کن افراد کو فائدہ پہنچا اور فراڈ کی مجموعی نوعیت کیا ہے۔
۔415 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کا انکشاف
اس سے قبل ای ڈی نے الزام لگایا تھا کہ الـفلاح یونیورسٹی اور اس کے ماتحت اداروں نے غلط سرٹیفکیشن اور جعلی منظوری کے دعووں کی بنیاد پر طلبہ اور والدین سے فیس وصول کر کے کم از کم 415.10 کروڑ روپے کی مشتبہ رقم حاصل کی۔
ای ڈی کی عدالت میں دی گئی ریمانڈ رپورٹ کے مطابق، مالی سال 2014-15 سے 2024-25 تک یونیورسٹی کی آمدنی میں نمایاں اضافہ آیا، جس میں ’’رضاکارانہ عطیات‘‘ اور ’’تعلیمی رسیدیں‘‘ دکھائی گئیں
۔2014-15: 30.89 کروڑ روپے
۔2015-16: 29.48 کروڑ روپے
۔2018-19: 24.21 کروڑ روپے
۔2019-20: 41.97 کروڑ روپے
۔2020-21: 55.49 کروڑ روپے
۔2021-22: 55.15 کروڑ روپے
۔2022-23: 89.28 کروڑ روپے
۔2023-24: 68.87 کروڑ روپے
۔2024-25: 80.10 کروڑ روپے
ای ڈی نے بتایا کہ ان میں سے 415.10 کروڑ روپے ان سالوں کی آمدنی ہے جب اداروں کے پاس کوئی مستند منظوری یا ایکریڈیشن موجود نہیں تھی۔
صدیقی کا مکمل کنٹرول اور ’پروسیڈز آف کرائم‘ کا استعمال
ای ڈی کے مطابق صدیقی کی یونیورسٹی کے پورے نظام پر مکمل گرفت تھی، اور اب تک صرف کچھ حصہ ہی ’’پروسیڈز آف کرائم‘‘ کا ٹریس ہو سکا ہے۔
ای ڈی نے عدالت کو بتایا
فیس کے ڈھانچے
چندے
مختلف اداروں کے درمیان فنڈ کے بہاؤ
بے نامی اثاثوں
خفیہ یا آف بُک سرمایہ کاری
 ان سب کی حقیقت جاننے کے لیے صدیقی کا کاستڈیئل انٹروگیشن ضروری ہے۔ ای ڈی نے خبردار کیا کہ صدیقی کے پاس بیرونی ممالک خصوصاً خلیج میں روابط اور مالی رسائی ہے، اس لیے اثاثے چھپانے یا بیرونِ ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے۔ ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ چونکہ تمام دستاویزات، ویب سائٹ کے دعوے، ریکارڈ اور سرکاری شناخت کے جعلی ہونے کا امکان ہے، اس لیے صدیقی گواہوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں یا ثبوت ضائع کر سکتے ہیں۔
گھر، کیمپس اور 19 مقامات پر چھاپے
ای ڈی نے دہلی میں 19 مقامات پر چھاپے مارے، جن میں یونیورسٹی، متعلقہ افراد کی رہائش گاہیں اور اداروں کے دفاتر شامل تھے۔
چھاپے کے دوران
۔48 لاکھ روپے نقدی
متعدد ڈیجیٹل آلات
اہم دستاویزات برآمد کیے گئے۔
ای ڈی نے بتایا کہ متعدد شیل کمپنیاں برقرار کی گئی تھیں ۔ قوانین کی خلاف ورزی کے کئی شواہد ملے۔ کروڑوں روپے کے فنڈز خاندان کی کمپنیوں میں منتقل کیے گئے۔تعمیرات اور کیٹرنگ کے ٹھیکے صدیقی کی اہلیہ اور بچوں کی کمپنیوں کو دیے گئے۔ ای ڈی کے مطابق ’’واضح شواہد‘‘ موجود ہیں کہ کس طرح فنڈز کو گھمایا گیا اور ’’پروسیڈز آف کرائم‘‘ پیدا کیے گئے۔