پونے
فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے ہفتہ کے روز کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو ہندوستانی مسلح افواج کی تینوں شاخیں "آپریشن سندور 2.0" کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ اس وقت صرف عارضی طور پر جنگ بندی یا دشمنی میں وقفہ جاری ہے۔
پونے میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) کے 150ویں کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل دویدی نے کہا کہ تینوں افواج باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل کی جنگوں کے لیے خود کو تیار کرنے پر توجہ دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور ابھی بھی جاری ہے۔ اس وقت صرف عارضی طور پر جنگی کارروائیوں میں وقفہ ہے۔ اگر آپریشن سندور 2.0 کی ضرورت پیش آتی ہے تو ہندوستانی فوج اور تینوں مسلح افواج اس کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ اس وقت ہماری توجہ تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور آئندہ جنگوں کے لیے خود کو جدید خطوط پر تیار کرنے پر ہے۔
جنرل دویدی نے کہا کہ جدید جنگی میدان انتہائی شفاف ہو چکے ہیں، جہاں ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جاتی ہے، اس لیے فوجی تعیناتی اور سرحدی علاقوں میں شہریوں کے تحفظ کے معاملے میں غیر معمولی احتیاط ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جنگی میدان 24 گھنٹے انتہائی شفاف ہوتا ہے اور ہر حرکت مخالف فریق کی نظر میں ہوتی ہے۔ اس لیے ہمیں اپنی تعیناتی، آپریشنل سرگرمیوں اور فوجیوں کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے تحفظ کے لیے بہت محتاط رہنا پڑتا ہے۔
اطلاعاتی جنگ میں عوامی اعتماد ضروری
اطلاعاتی جنگ (انفارمیشن وارفیئر) کے بارے میں بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ اس میں کامیابی عوامی اعتماد اور قومی اتحاد پر منحصر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعاتی جنگ اسی وقت کامیاب ہوتی ہے جب پوری قوم متحد ہو اور معلومات فراہم کرنے والوں پر اعتماد کرے۔ اگر ایسا ہو جائے تو میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ وہ قوم جو اپنے اداروں اور متعلقہ فریقوں پر اعتماد کرتی ہے، ہمیشہ کامیاب رہتی ہے۔
تھیٹر کمانڈز کا منصوبہ درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے
مجوزہ فوجی تھیٹر کمانڈز کے بارے میں جنرل دویدی نے کہا کہ فوجی ڈھانچے میں اصلاحات اور تھیٹرائزیشن کا عمل طے شدہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور اس حوالے سے مکمل رپورٹ وزیر دفاع کو پیش کی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھیٹرائزیشن کے حوالے سے میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ عمل درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ چیف آف اسٹاف کمیٹی کے اندر تمام اہم بات چیت مکمل ہو چکی ہے اور جامع رپورٹ وزیر دفاع کے حوالے کر دی گئی ہے۔ اس وقت مختلف فریق اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس)، تینوں افواج کے موجودہ سربراہان اور سبکدوش ہونے والے بحریہ سربراہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ تینوں افواج کے بنیادی مفادات کا مکمل تحفظ ہو۔
نئے نظام میں ذمہ داریوں کی تقسیم
جنرل دویدی کے مطابق مجوزہ ڈھانچے کے تحت سروس چیفس اپنی افواج کی تیاری، برقرار رکھنے اور استعداد کی ذمہ داری سنبھالیں گے، جبکہ تھیٹر کمانڈرز آپریشنل کارروائیوں کی نگرانی اور قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی مختلف افواج کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جاتی ہے تو ہر سروس کو کچھ نہ کچھ ایڈجسٹمنٹ کرنی پڑتی ہے۔ اسی لیے سروس چیفس افواج کی تیاری اور استحکام کے ذمہ دار ہوں گے، جبکہ تھیٹر کمانڈرز آپریشنز اور افواج کے مؤثر استعمال کی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی قیادت میں یہ عمل مزید آگے بڑھے گا اور آئندہ دو سے تین برسوں میں اس کے عملی نتائج زمین پر نظر آنے لگیں گے۔
این ڈی اے کے دنوں کی یادیں تازہ ہو گئیں
اپنے این ڈی اے کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے جنرل دویدی نے کہا کہ وہ سب سے پہلے چارلی اسکواڈرن گئے، جو اس مرتبہ چیمپئن اسکواڈرن قرار پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں این ڈی اے پہنچا تو سب سے پہلے چارلی اسکواڈرن گیا۔ جب مجھے معلوم ہوا کہ اس بار یہی چیمپئن اسکواڈرن بنا ہے تو میری خوشی اور جوش میں اضافہ ہو گیا اور مجھے اپنے کیڈٹ دور کی یادیں تازہ ہو گئیں، کیونکہ میں خود بھی پی ٹی کیپٹن رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل جب پی ٹی کا مظاہرہ ہو رہا تھا تو میرا بھی دل چاہا کہ میں ان نوجوانوں کے ساتھ ورزش کروں، لیکن عمر کی مجبوریوں کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو سکا۔آرمی چیف نے موجودہ این ڈی اے کیڈٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اعتماد اور جذبہ اس بات کی ضمانت ہے کہ آنے والی نسلیں موجودہ نسل سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج کے این ڈی اے کیڈٹس میں جو اعتماد نظر آتا ہے، وہ ہمیں یہ اطمینان دیتا ہے کہ آنے والی نسل ہم سے ایک قدم آگے جائے گی۔