نئی دہلی
گوتم بدھ نگر پولیس نے حالیہ مزدور احتجاج کے بعد مزدوروں اور صنعتی اکائیوں کی شکایات سننے کے لیے عارضی طور پر پولیس ڈپٹی کمشنر (صنعت) کا عہدہ قائم کیا ہے۔ حکام نے یہ معلومات فراہم کیں۔ ضلع پولیس کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا کہ اس نئے عہدے کو ایک اسسٹنٹ پولیس کمشنر (اے سی پی-صنعت)، تین انسپکٹرز اور مختلف درجوں کے 25 دیگر اہلکاروں کی معاونت حاصل ہوگی۔
ڈی سی پی (صنعت) کا سرکاری نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ضلع میں پولیس، صنعتی اداروں اور مزدوروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔اس عہدے سے متعلق تفصیلی تجویز تیار کرنے کی ذمہ داری ایڈیشنل پولیس کمشنر (قانون و نظم) اور ایک ڈی سی پی کو سونپی گئی ہے، جو تین دن کے اندر اسے لکھنؤ میں واقع اتر پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل اور ریاستی محکمہ داخلہ کو پیش کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے ساتھ ایک جامع معیاری عملی طریقہ کار (ایس او پی) بھی تیار کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق، گوتم بدھ نگر پولیس کمشنریٹ کے تین زونز میں تقریباً 15 ہزار رجسٹرڈ صنعتی یونٹس شامل ہیں، جن میں چھوٹے، درمیانے اور بڑے صنعتوں کے ساتھ ساتھ کثیر القومی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔