آسام میں سیلاب سے ہلاکتیں 31، لاکھوں متاثر

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-07-2026
آسام میں سیلاب سے ہلاکتیں 31، لاکھوں متاثر
آسام میں سیلاب سے ہلاکتیں 31، لاکھوں متاثر

 



گوہاٹی: آسام میں مسلسل بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال بدھ کو مزید سنگین ہو گئی، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد رواں سال سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی۔

حکام کے مطابق تقریباً 5 لاکھ 65 ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے بالائی آسام کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی اور ہر جاں بحق شخص کے اہل خانہ کے لیے 4 لاکھ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے شیوساگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ میں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس بحران میں تنہا نہیں ہیں۔ ہماری حکومت بحالی اور روزگار کی بحالی کے ہر مرحلے میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

متاثرین کی جانب سے امدادی سامان نہ ملنے کی شکایات پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیر آب دیہات تک رسائی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’بہت سے علاقوں تک نہ سڑک ہے اور نہ ہی کوئی ذریعۂ آمدورفت، اس لیے انتظامیہ وہاں نہیں پہنچ سکی۔ جیسے ہی پانی اترے گا، امدادی ٹیمیں ان علاقوں تک پہنچ جائیں گی۔ فی الحال فضائی راستے سے بھی امدادی سامان گرانا ممکن نہیں۔‘‘ تاہم انہوں نے کہا کہ جو لوگ امدادی کیمپوں تک پہنچ چکے ہیں، انہیں ضروری سامان کی فراہمی میں کسی قسم کی کمی نہیں ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ASDMA) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شیوساگر ضلع میں 13 افراد، جن میں چار خواتین اور دو بچے شامل ہیں، ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔

چرائیدیو میں پانچ، گولاگھاٹ میں دو اور جورہاٹ میں ایک خاتون کی جان گئی۔ ادارے کی رپورٹ کے مطابق بسواناتھ، چرائیدیو، دھیمجی، ڈبروگڑھ، گولاگھاٹ، جورہاٹ، کامروپ، کامروپ میٹروپولیٹن، کاربی آنگلونگ، ناگاؤں، شیوساگر اور تنسوکیا اضلاع میں 5 لاکھ 64 ہزار 600 سے زائد افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔ شیوساگر سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار افراد متاثر ہوئے، جبکہ جورہاٹ میں تقریباً 88 ہزار اور چرائیدیو میں 72 ہزار 500 سے زائد افراد سیلاب کی زد میں ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آسام کے لیے آئندہ چار دنوں تک زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے چرائیدیو کے ایک امدادی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور یقین دلایا کہ شدید بیمار یا نقل و حرکت سے محروم افراد کو اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طبی ٹیمیں اور تمام ضروری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ حکومت سیلاب میں ضائع ہونے والی سرکاری دستاویزات دوبارہ جاری کرنے کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔

آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اس وقت 273 امدادی کیمپ اور امدادی مراکز قائم ہیں، جہاں 12 ہزار 284 بے گھر افراد مقیم ہیں۔ فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی سروس، پولیس اور دیگر اداروں نے چرائیدیو، گولاگھاٹ، جورہاٹ اور شیوساگر کے مختلف علاقوں سے 6 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثرین میں 5 ہزار 11 کوئنٹل چاول، 956 کوئنٹل دال، 265 کوئنٹل نمک اور 20 ہزار 115 لیٹر سرسوں کا تیل تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت 872 دیہات زیر آب ہیں جبکہ 24 ہزار 210 ہیکٹر سے زائد زرعی رقبہ تباہ ہو چکا ہے۔ مختلف اضلاع میں بند، سڑکیں، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ برہم پتر دریا نیمتی گھاٹ پر خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہا ہے، جبکہ اس کی معاون ندیاں بوری ڈیہنگ، دھنسری اور دیگر کئی دریا بھی خطرناک سطح سے بلند ہیں۔ دوسری جانب ڈکھو اور ڈسانگ دریا بالترتیب شیوساگر اور نانگلامورا گھاٹ پر بلند ترین سیلابی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں۔