دہلی ایئرپورٹ پر 100 پروازیں تاخیر کا شکار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-11-2025
دہلی ایئرپورٹ پر 100 پروازیں تاخیر کا شکار
دہلی ایئرپورٹ پر 100 پروازیں تاخیر کا شکار

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
جمعہ کی صبح دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آئی جی آئی اے) پر ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کے نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث کم از کم 100 پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں، اس کی اطلاع  دہلی ایئرپورٹ حکام نے دی۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے تازہ پرواز کی معلومات حاصل کریں۔
دہلی ایئرپورٹ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سسٹم میں تکنیکی مسئلے کے باعث آئی جی آئی اے پر پروازوں کی آمدورفت میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ہماری ٹیم ڈائل سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اس مسئلے کے فوری حل پر کام کر رہی ہے۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی ایئر لائنز کے رابطے میں رہیں تاکہ پروازوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کر سکیں۔ ہمیں اس پریشانی پر گہرا افسوس ہے۔ واضح رہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) ایک زمینی سروس ہے جس میں کنٹرولر طیاروں کی زمینی اور فضائی نقل و حرکت کو منظم اور رہنمائی کرتے ہیں، تاکہ ہوائی ٹریفک کا نظام محفوظ اور ہموار طریقے سے چل سکے۔
دوسری جانب، حال ہی میں ایئر انڈیا نے اپنے پائلٹس کے لیے "فلیکسی کنٹریکٹ فار پائلٹس" کے نام سے ایک نیا ورک ماڈل متعارف کرایا ہے، جس کے تحت پائلٹ اپنی ڈیوٹی کے کم دورانیے والے پیٹرن کا انتخاب کر سکتے ہیں، جبکہ پروازوں کے معمولات متاثر نہیں ہوں گے۔ ایئر لائن کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد پائلٹوں کی ترجیحات کو فلائٹ روستر کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا اور کام اور زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھتے ہوئے آپریشنل مؤثریت کو یقینی بنانا ہے۔ اس پالیسی کے تحت اے 320، بی 777، اور اے 350 طیاروں پر تعینات لائن پائلٹس اور لائن ٹریننگ کیپٹنز اہل ہوں گے۔
جبکہ جونیئر فرسٹ آفیسرز، ٹائپ ریٹنگ انسٹرکٹرز اور ڈائریکٹ انٹری پائلٹس اس میں شامل نہیں ہوں گے۔
کنٹریکٹ میں دو طے شدہ ڈیوٹی پیٹرن پیش کیے گئے ہیں
وائیڈ باڈی طیاروں کے لیے: 15 دن ڈیوٹی، 15 دن آرام۔
نیرو باڈی طیاروں کے لیے: 20 دن ڈیوٹی، 10 دن آرام۔
سالانہ تعطیلات بھی ان کے مطابق طے ہوں گی 
وائیڈ باڈی پائلٹس کو 8 پرولیج اور 4 بیمار تعطیلات ،
جبکہ نیرو باڈی پائلٹس کو 12 پرولیج اور 6 بیمار تعطیلات ملیں گی۔
کنٹریکٹ کی مدت 12 ماہ ہوگی، جسے کمپنی کی صوابدید پر بڑھایا جا سکتا ہے۔
کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد پائلٹ اپنے پرانے معاہدے پر واپس آجائیں گے۔
ایئر انڈیا کے مطابق، انتخاب ایکسپریشن آف انٹرسٹ کے عمل کے ذریعے کیا جائے گا، اور حتمی فہرست میں سینئرٹی اور آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔کنٹریکٹ سے علیحدگی کے لیے تین ماہ قبل نوٹس دینا ہوگا۔ اگر کسی پائلٹ کو فلیٹ یا کمانڈ اپ گریڈ کے لیے منتخب کیا جاتا ہے، تو ٹریننگ شروع ہونے کے ساتھ ہی وہ پرانے کنٹریکٹ پر واپس آجائے گا۔ اور اگر اپ گریڈ سے انکار کیا جاتا ہے تو کمپنی کی موجودہ پالیسی کے مطابق کیرئیر فریز لاگو ہوگا۔ کمپنی ضرورت پڑنے پر کسی بھی پائلٹ کو واپس پرانے معاہدے پر بھیج سکتی ہے، اور اس تبدیلی سے تنخواہ کی شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔