نئی دہلی/ آواز دی وائس
بدھ کی صبح اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آئی جی آئی)، نئی دہلی پر کم حدِ نگاہ کے باعث 10 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ہوائی اڈہ حکام نے یہ اطلاع دی۔ ادھر بدھ کی صبح چنئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی پروازوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔ ہوائی اڈہ حکام کے مطابق دہلی اور دیگر شمالی ریاستوں میں شدید دھند اور خراب موسمی حالات کے سبب 11 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق دن کے دوران چار روانہ ہونے والی اور سات آنے والی پروازیں منسوخ کی گئیں۔ یہ منسوخیاں گزشتہ چند دنوں سے دہلی اور کئی شمالی علاقوں میں جاری شدید دھند، خراب موسم اور فضائی آلودگی کے باعث کی گئیں، جس نے پروازوں کے نظام کو متاثر کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہلی اور دیگر شمالی ریاستوں میں شدید دھند اور خراب موسمی حالات کے باعث فضائی خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ دہلی جانے والی کئی پروازیں لینڈنگ سے قاصر رہیں اور انہیں دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ اس کے نتیجے میں چنئی اور شمالی شہروں کے درمیان فضائی خدمات متاثر رہیں۔ بدھ کے روز چنئی سے دہلی، جے پور، کولکتہ اور غازی آباد جانے والی چار پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اسی طرح آج دہلی، جے پور، پٹنہ، پونے، کولکتہ، اندور اور دیگر شہروں سے چنئی آنے والی سات پروازیں بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایک ہی دن میں 11 پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثنا، بدھ کی صبح قومی دارالحکومت دہلی میں فضائی معیار میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈکے اعداد و شمار کے مطابق صبح تقریباً 8 بجے مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 328 ریکارڈ کیا گیا، جو اب بھی “انتہائی خراب” زمرے میں آتا ہے۔
منگل کے مقابلے میں فضائی معیار میں ہلکی سی بہتری آئی، کیونکہ منگل کو شام 4 بجے اے کیو آئی 354 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تاہم شہر کے بڑے حصے اب بھی زہریلی دھند کی لپیٹ میں ہیں اور مجموعی طور پر ہوا کا معیار بدستور خراب ہے۔