دیوالی پر مہنگے ہوئے فلائٹ ٹکٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-10-2025
دیوالی پر مہنگے ہوئے فلائٹ ٹکٹ
دیوالی پر مہنگے ہوئے فلائٹ ٹکٹ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
تہواروں کے سیزن میں دیوالی  کے موقع پر ہر کوئی اپنے گھر جانے کی جلدی میں ہے۔ ٹرینوں میں بھیڑ بڑھتی جا رہی ہے اور ٹکٹ حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایسے میں ہوائی سفر کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔  انڈسٹری ماہرین سے موصولہ خصوصی معلومات کے مطابق ہوائی سفر کی مانگ میں 60 سے 70 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ ایسے حالات میں ہوائی سفر مزید مہنگا ہونے والا ہے۔ اگر آپ اس دیوالی ہوائی جہاز سے سفر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تو اپنی جیب پر زیادہ بوجھ کے لیے تیار رہیں۔
ہوائی کرایوں میں زبردست اضافہ
رکانت پٹّی نے بتایا کہ حیدرآباد سے جے پور کا کرایہ 6,500 روپے سے بڑھ کر 12,000 روپے ہو گیا ہے۔ حیدرآباد سے دہلی کے لیے ہوائی ٹکٹ کے دام 4,000 سے 7,000 روپے کے درمیان تھے، جو اب 7,000 سے 12,000 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ سال 2024 میں ان راستوں پر اوسطاً 20 سے 30 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔ ای ایم ٹی کے مطابق، دہلی-ممبئی کا اوسط ٹکٹ کرایہ تقریباً 4,999 روپے، بینگلورو-کلکتہ 8,118 روپے، اور چنئی-حیدرآباد 2,980 روپے کے قریب ہے۔
ایکسوگو کے سی ای او آلوک باجپئی نے بتایا کہ اس بار دیوالی پر فلائٹ بُکنگز میں 60 سے 65 فیصد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مذہبی مقامات جیسے ایودھیا اور وارانسی کے لیے فلائٹس میں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ایودھیا کی فلائٹ بُکنگز نے دہلی، ممبئی اور چنئی جیسے بڑے شہروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈائنامک پرائسنگ کے باعث کرایوں میں تیزی
ہوائی سفر کے ماہر سنجے لیزر نے کہا، "تہواروں کے دوران مسافروں کی بڑھتی ہوئی مانگ اور فلائٹس کی کمی کے سبب کرایہ بڑھنا طے تھا۔ ڈائنامک پرائسنگ کے تحت یہ شرحیں اور تیزی سے بڑھیں، اور یہ رجحان کرسمس تک جاری رہ سکتا ہے۔
حکومت کی کوششوں کے باوجود اضافہ
کچھ دن پہلے شہری ہوابازی کی وزارت نے کرایوں میں اضافہ نہ ہونے کے لیے مداخلت کی تھی اور ایئر لائن کمپنیوں کو اس سمت میں ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ لیکن حکومت کی کوششوں کے باوجود اس سال کرایوں میں اوسطاً 50 فیصد سالانہ اضافہ درج کیا گیا ہے۔
پٹّی کے مطابق، میٹرو شہروں دہلی، ممبئی، بینگلورو، حیدرآباد اور چنئی — سے سب سے زیادہ سفر کی مانگ ہے۔ لوگ اپنے آبائی شہروں جیسے پٹنہ اور لکھنؤ جا رہے ہیں، جہاں بُکنگز میں بالترتیب 45 فیصد اور 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وہیں مقبول منزلوں جیسے لکھنؤ، گوا، جے پور، چنئی اور کلکتہ کے کرایے بھی پچھلے سال کے مقابلے میں 18 سے 20 فیصد بڑھے ہیں۔
۔1700 سے زائد اضافی پروازیں
تہواروں کے موسم کو دیکھتے ہوئے ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) نے ایئر لائنز کو اضافی پروازیں چلانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے تحت انڈیگو نے 42 راستوں پر 730 اضافی پروازیں شامل کی ہیں۔ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے 20 راستوں پر 486 اضافی پروازیں جوڑی ہیں، جبکہ اسپائس جیٹ 38 راستوں پر 546 اضافی پروازیں چلا رہا ہے۔