ملک بھر میں فلائٹوں کے کرایوں میں تیزی سے اضافہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-12-2025
ملک بھر میں فلائٹوں کے کرایوں میں تیزی سے اضافہ
ملک بھر میں فلائٹوں کے کرایوں میں تیزی سے اضافہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
انڈیگو کی جانب سے پورے ہندوستان میں بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ کیے جانے کے بعد ملک کی کئی اہم گھریلو روٹس پر ہوائی کرایوں میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مسافر جب متبادل تلاش کرنے لگے تو ٹکٹوں کی قیمتیں اچانک ریکارڈ سطح تک پہنچ گئیں۔
میک مائی ٹرپ  کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی سے بڑے میٹرو شہروں اور ریاستی دارالحکومتوں کے لیے یکطرفہ، اسی دن کی نان اسٹاپ پروازوں کے کرائے عام تاریخوں کے مقابلے دوگنے تک پہنچ گئے ہیں۔
ڈیٹا کے مطابق 6 دسمبر کو دہلی سے بینگلورو کی سب سے سستی فلائٹ 40,000 روپے سے زیادہ کی تھی، جبکہ کچھ آپشنز 80,000 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔ اسی طرح، دہلی سے ممبئی جانے والے مسافر کو کم از کم 36,107 روپے ادا کرنے پڑ رہے ہیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ کرایہ 56,000 روپے سے زائد ہے۔ واپسی کے لیے کم از کم 23,000 روپے اور زیادہ سے زیادہ 37,000 روپے تک ادا کرنے ہوں گے۔
دہلی–چنئی روٹ پر آخری وقت میں بکنگ کے کرائے 62,000 سے 82,000 روپے تک پہنچ گئے۔ دہلی سے  گوہاٹی جانے والوں کے لیے سب سے کم کرایہ 23,998 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 35,015 روپے تھا۔
صورتحال کو سمجھنے کے لیے
6 دسمبر کو دہلی سے دبئی جانے والی فلائٹ کا کرایہ تقریباً 25,855 روپے ہے، جو کہ ہندوستان کے اندر کئی شہروں کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔اسی طرح، بینگلورو–دبئی ٹکٹ تقریباً 15,000 روپے میں دستیاب ہے۔ موازنہ کیا جائے تو، اس وقت بین الاقوامی سفر گھریلو سفر سے کہیں سستا ہو گیا ہے۔ دہلی سے بینکاک کی فلائٹ تقریباً 18,747 روپے میں مل رہی ہے۔
انڈیگو کی بڑے پیمانے پر آپریشنل ناکامی کے باعث پورے ملک میں 500 سے زیادہ پروازیں تاخیر یا منسوخ ہوئیں، جس سے ایئرپورٹس پر بھیڑ اور مسافروں کی پریشانی بڑھ گئی۔ دہلی ایئرپورٹ سے تمام انڈیگو پروازیں آدھی رات تک منسوخ رہیں، جب کہ دیگر ایئرلائنز معمول کے مطابق کام کرتی رہیں۔ انڈیگو کے آپریشنز کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے ساتھ، سفری پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ کرایے آئندہ دنوں میں نارمل ہو جائیں گے، جیسا کہ 9 سے 12 دسمبر کی بکنگ میں واضح طور پر کم قیمتیں دیکھی جا رہی ہیں۔
اسی دوران، مسافروں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے، ڈی جی سی اے نے انڈیگو کو 10 فروری 2026 تک دو قواعد سے عارضی چھوٹ دی ہے جن کا تعلق لیٹ ڈیوٹی اور رات کے وقت آپریشن سے ہے۔ متعدد ایئرپورٹس پر مسافروں نے غصے کا اظہار کیا کہ اسٹاف کی کمی اور عملے کے لیے نئے اصولوں کے باعث پروازیں متاثر ہوئیں، اور انہیں گھنٹوں تک ایئرپورٹ پر بغیر مناسب معلومات، کھانے یا پانی کے انتظار کرنا پڑا۔
انڈیگو نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دل سے معذرت خواہ ہیں اور سمجھتے ہیں کہ پچھلے چند دن مسافروں کے لیے کتنے مشکل رہے ہیں۔ اگرچہ یہ مسئلہ ایک دن میں حل نہیں ہوگا، لیکن ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ آپ کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ہماری پروازیں جلد از جلد معمول پر آ سکیں۔