نئی دہلی
ویدانتا گروپ کے بانی انیل اگروال کو چھتیس گڑھ میں پیش آئے پاور پلانٹ دھماکہ حادثے کی ایف آئی آر میں نامزد کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کو مقدمہ درج کیا جس میں دیگر افراد کے ساتھ ویدانتا کے سربراہ کا نام بھی شامل ہے۔ منگل (14 اپریل 2026) کو ویدانتا گروپ کے پاور پلانٹ میں ہونے والے دھماکے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے تھے۔
سکتی ضلع پولیس کے بیان کے مطابق، ویدانتا کے پاور پلانٹ میں بوائلر نمبر ایک میں زبردست دھماکہ ہوا۔ چیف بوائلر انسپکٹر کی ابتدائی تکنیکی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بوائلر کے فرنس کے اندر ایندھن کا حد سے زیادہ جمع ہونا دباؤ میں شدید اضافے کا باعث بنا، جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔
تحقیقات میں کیا سامنے آیا؟
پولیس کے مطابق، زیادہ دباؤ کے باعث بوائلر کی نچلی پائپ اپنی اصل جگہ سے ہٹ گئی، جس سے یہ سنگین حادثہ پیش آیا۔ فرانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ میں بھی اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ایندھن کا زیادہ جمع ہونا اور اس سے پیدا ہونے والا اضافی دباؤ ہی دھماکے کی بنیادی وجہ تھا۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ویدانتا گروپ اور این جی ایس ایل نے مشینری اور آلات کی دیکھ بھال اور آپریشن سے متعلق اصولوں پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کیا۔ دیکھ بھال میں لاپرواہی اور آپریشن میں کوتاہی کے باعث بوائلر کے دباؤ میں اچانک اتار چڑھاؤ آیا، جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ دستیاب شواہد اور تکنیکی رپورٹ کی بنیاد پر اس واقعے میں واضح لاپرواہی پائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق، ڈبھرا تھانے میں ہندوستانی نیائے سنہتا کی دفعات 106(1) (لاپرواہی سے موت)، 289 (مشینری کے استعمال میں لاپرواہی) اور 3(5) (اجتماعی ارادہ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ انیل اگروال (ویدانتا کمپنی کے ڈائریکٹر)، کمپنی مینیجر دیویندر پٹیل اور دیگر ذمہ دار افسران و ملازمین کے خلاف ابتدائی طور پر لاپرواہی کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔
سکتی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پرفل ٹھاکر نے کہا، “انڈسٹری محکمہ، فرانزک سائنس لیبارٹری اور تکنیکی ٹیم کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ ان رپورٹس کی بنیاد پر مزید دفعات بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔”
یہ دھماکہ سنگھیت رائی گاؤں میں ویدانتا لمیٹڈ کے پاور پلانٹ میں دوپہر تقریباً 2 بجے ایک بوائلر ٹیوب میں ہوا۔ضلع کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ پائپ لائن پھٹنے کے بعد تقریباً 600 ڈگری درجہ حرارت کی انتہائی گرم بھاپ نے وہاں موجود لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس وقت لوگ دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے، جبکہ کچھ افراد جو وہاں ٹہل رہے تھے، وہ بھی زخمی ہو گئے۔”
پاور پلانٹ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت و صنعت، ایکسائز اور محنت لکھن لال دیوانگن نے کہا، “مرکزی حکومت نے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ تکنیکی جانچ کی جائے گی، ذمہ داری طے کی جائے گی اور سخت کارروائی ہوگی۔ یہ ایک بہت بڑا حادثہ ہے اور قصورواروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے 42 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 17 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پنشن کا بھی انتظام ہوگا اور متاثرہ خاندانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔”
سکتی کے کلکٹر امرت وکاس نے بتایا کہ اس واقعے کی مجسٹریل جانچ کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے گا۔
اس سے قبل بدھ کے روز ویدانتا گروپ نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے 35 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 15 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا تھا۔