دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تیز کیا جانا چاہیے: پوتن

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-02-2026
دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تیز کیا جانا چاہیے: پوتن
دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تیز کیا جانا چاہیے: پوتن

 



ماسکو
صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو میں فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے سالانہ بورڈ اجلاس سے خطاب کیا۔ اس اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی، سرحدی تحفظ اور قومی سلامتی سے متعلق ترجیحات طے کی گئیں، جو بڑھتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایف ایس بی کے ڈائریکٹر الیگزینڈر بورتنیکوف اور سیکیورٹی نظام کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔
عالمی صورتحال کو غیر مستحکم قرار دیتے ہوئے صدر پوتن نے کہا كہ آج کا پیچیدہ بین الاقوامی ماحول، دنیا کے مختلف خطوں میں تنازعات میں تیز اضافہ، اور خصوصی فوجی کارروائی اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ فیڈرل سیکیورٹی سروس کے اہلکار انتہائی چوکسی، نظم و ضبط اور یکسوئی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا كہ سب سے پہلے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔ انسدادِ دہشت گردی کے اہم اشاریوں کی صورتحال واضح ہے اور موجودہ زمینی حالات کے مطابق ہے۔ میدانِ جنگ میں روس کو اسٹریٹجک شکست دینے میں ناکامی کے بعد دشمن نے انفرادی اور اجتماعی دہشت گردی کا سہارا لیا ہے۔ اس میں شہروں پر گولہ باری، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانا اور ریاستی و فوجی حکام کو نشانہ بنانے کی کوششیں شامل ہیں۔
صدر نے روس کے مخالفین کی جانب سے اختیار کیے جانے والے انتہائی اقدامات سے بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا كہ مخالفین کسی بھی حد سے گریز نہیں کر رہے۔ میڈیا میں پہلے ہی ایسی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں کہ وہ کسی نہ کسی شکل میں ایٹمی عنصر کے استعمال کی کوشش یا نیت رکھتے ہیں۔ بظاہر وہ سمجھتے ہیں کہ اس کا انجام کیا ہو سکتا ہے۔ پوتن نے بحیرۂ اسود میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو لاحق ممکنہ خطرات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا كہ ہمارے آپریشنل ذرائع سے یہ معلومات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ بحیرۂ اسود کی تہہ میں موجود ہماری گیس پائپ لائنوں — ترک اسٹریم اور بلیو اسٹریم — کو تباہ کرنے کے ممکنہ منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ یہ لوگ کسی صورت سکون میں نہیں آتے۔ وہ امن کے عمل اور سفارتی ذرائع سے تصفیے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے کسی نہ کسی اشتعال انگیزی کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ مسلسل کشیدگی کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔مخالفین کسی بھی طریقے سے روس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس عمل میں وہ خود کو ایک خطرناک انتہا تک لے جا سکتے ہیں، جس پر بعد میں انہیں پچھتانا پڑ سکتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے علاوہ صدر نے ایف ایس بی کو ہدایت دی کہ وہ اہم تنصیبات کے تحفظ کو مضبوط بنائے، دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون بہتر کرے، سرحدی دفاع کو مزید مؤثر بنائے اور انسدادِ جاسوسی کارروائیوں کو وسعت دے۔ انہوں نے خفیہ معلومات کے تحفظ، انتہا پسندی کے خلاف کارروائی، آئندہ اسٹیٹ ڈوما انتخابات کی سیکیورٹی، اور بدعنوانی و سائبر جرائم کے خلاف اقدامات پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر صدر پوتن نے ادارے کی قیادت اور عملے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف ایس بی اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، خاص طور پر ایسے دور میں جب دباؤ اور عدم استحکام مسلسل موجود ہے۔