نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بدھ کے روز بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس کی پالیسیوں نے چھوٹے کاروباروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، خاص طور پر ویشیہ (تاجر) برادری کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ویشیہ برادری کی مکمل حمایت کا عہد کیا اور اسے بی جے پی کے “جاگیردارانہ ذہن” کے خلاف جدوجہد قرار دیا۔
راہل گاندھی نے برادری کی مشکلات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال معیشت پر حکومتی اقدامات کے منفی اثرات کی ایک خطرناک وارننگ ہے۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا کہ ہمارا کاروبار تباہی کے دہانے پر ہے کاروباری مکالمے میں ویشیہ برادری کی یہ درد بھری پکار ہمیں اندر تک ہلا گئی ہے۔ وہ برادری جس نے تاریخی طور پر ملک کی معیشت میں اتنا بڑا کردار ادا کیا ہے، آج مایوسی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ یہ خطرے کی گھنٹی ہے۔ حکومت نے اجارہ داریوں کو کھلی چھوٹ دے دی ہے اور چھوٹے و درمیانے تاجروں کو بیوروکریسی اور غلط جی ایس ٹی جیسی ناقص پالیسیوں کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے۔
انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اجارہ داریوں کو مضبوط کر رہی ہے جبکہ چھوٹے تاجروں پر بیوروکریسی اور غلط پالیسیوں، جیسے ناقص جی ایس ٹی، کا بوجھ ڈال رہی ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ یہ محض پالیسی کی ناکامی نہیں بلکہ پیداوار، روزگار اور ہندوستان کے مستقبل پر براہِ راست حملہ ہے۔ یہ بی جے پی حکومت کے جاگیردارانہ ذہن کے خلاف لڑائی ہے۔ اور اس جنگ میں میں پوری طاقت کے ساتھ ویشیہ برادری کے ساتھ کھڑا ہوں، جو ملک کی تجارت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
ادھر اس سے قبل راہل گاندھی نے حکمراں بی جے پی حکومت پر الزام لگایا تھا کہ اس نے پارلیمنٹ میں وکست ہندوستان – گارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (گرامین) بل، 2025 (وی نی جی رام جی بل) پر بحث نہیں ہونے دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بل ترقی کے لیے نہیں بلکہ تباہی کے لیے ہے، جس کی قیمت ہندوستانی عوام کو اپنے روزگار کے نقصان کی صورت میں چکانی پڑے گی۔
راہل گاندھی نے لکھا کہ نہ عوامی مکالمہ، نہ پارلیمنٹ میں بحث، نہ ریاستوں کی رضامندی — مودی حکومت نے ایم جی این ریگا اور جمہوریت دونوں پر بلڈوزر چلا دیا ہے۔ یہ ترقی نہیں بلکہ تباہی ہے، جس کی قیمت لاکھوں محنت کش ہندوستانی اپنے روزگار سے محروم ہو کر ادا کریں گے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن محترمہ سونیا گاندھی جی کا یہ مضمون ضرور پڑھیں، جو اس سنگین مسئلے کے ہر پہلو کو بے نقاب کرتا ہے۔