نئی دہلی
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے عوامی نقل و حمل میں خواتین کی سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے ڈی ٹی سی بسوں میں مسلح خاتون پولیس اہلکاروں کی تعیناتی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی حفاظت صرف بسوں کے اندر ہی نہیں بلکہ بس اسٹاپس، ڈپو، میٹرو اسٹیشنوں اور وہاں سے ان کی آخری منزل تک بھی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
خواتین کی سلامتی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے محکمۂ ٹرانسپورٹ کو اس سلسلے میں دہلی پولیس کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی بڑھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والی خواتین کو محفوظ اور بے خوف ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔
اجلاس میں "سہیلی پنک اسمارٹ کارڈ" اسکیم، بسوں میں سی سی ٹی وی کیمروں اور پینک بٹنوں کی صورتحال، کنٹرول سینٹر کے انتظام، بس مارشلز کے نظام اور ٹرانسپورٹ خدمات میں خواتین کی شمولیت کا جائزہ لیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سہیلی پنک اسمارٹ کارڈ اسکیم کی تعریف کرتے ہوئے تجویز دی کہ اسے تمام عوامی ٹرانسپورٹ ذرائع میں نافذ کیا جائے تاکہ خواتین کو بغیر کسی رکاوٹ کے سفری سہولت حاصل ہو سکے۔سندھو نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خواتین ملازمین کی تعداد بڑھانے پر بھی زور دیا۔ اس وقت ڈی ٹی سی میں 1,002 خاتون کنڈکٹرز اور 77 خاتون ڈرائیور خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس تعداد میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔
اس کے علاوہ، انہوں نے حکام کو ای-گاڑیوں کے ذریعے آخری مرحلے کی سفری رابطہ سہولت (لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی) کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ای-رکشا، کیب اور آٹو خدمات کو مربوط کرکے دور دراز اور نظرانداز شدہ علاقوں تک خواتین کی محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں محکمۂ ٹرانسپورٹ کے سینئر افسران اور ڈی ٹی سی انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔