چنڈی گڑھ
ہریانہ کے ضلع امبالہ کے نارائن گڑھ میں مجوزہ انڈسٹریل ماڈل ٹاؤن شپ (آئی ایم ٹی) کے لیے علاقے کے کسانوں نے سرکاری طے شدہ نرخوں پر تقریباً 450 ایکڑ زمین دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔یہ منصوبہ نہ صرف خطے میں ہمہ جہتی ترقی کو فروغ دے گا بلکہ ریاست کی صنعتی بنیاد کو بھی مضبوط کرے گا۔
بدھ کے روز کسانوں کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی سے ملاقات کی اور ایک اجلاس میں شرکت کی، جس میں اس منصوبے کے لیے زمین کے نرخوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سرکاری بیان کے مطابق، کسانوں نے ان نرخوں سے اتفاق کر لیا ہے، جس سے آئی ایم ٹی کے لیے زمین کی دستیابی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
کسانوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدام معاشی ترقی میں مدد دے گا اور خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ امبالہ میں ایک آئی ایم ٹی پر کام پہلے ہی تیزی سے جاری ہے، اور نارائن گڑھ میں اسی طرح کی سہولت صنعتی ترقی کو مزید تقویت دے گی۔ ان کے مطابق امبالہ خطے کو گروگرام کی طرز پر ایک جدید صنعتی مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے یاد دلایا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے بجٹ میں ریاست بھر میں 10 آئی ایم ٹی قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔فی الحال مانیسر، باول، روہتک، فرید آباد، سوہنا اور کھڑکھودا میں کام جاری ہے۔
امبالہ، جو اپنے مکسر انڈسٹری اور طبی آلات کی تیاری کے لیے جانا جاتا ہے، دو نئے آئی ایم ٹی کے ذریعے اپنی صنعتی شناخت کو مزید مضبوط بنانے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نارائن گڑھ آئی ایم ٹی 2025-26 کے بجٹ اعلانات پر ایک سال کے اندر عمل درآمد کی عکاسی کرتا ہے۔
اجلاس میں صنعت و تجارت کے وزیر راؤ نربیر سنگھ، محصولات و آفات بندوبست کے وزیر وپل گوئل، چیف سکریٹری انوراگ رستوگی، ایڈیشنل چیف سکریٹری و فنانشل کمشنر (محصولات و آفات بندوبست) سمیتا مشرا سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔