پٹنہ
مرکزی وزیر گرراج سنگھ نے ہفتہ کے روز اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ کچھ "جعلی" رام بھکت اب خود کو "سَناتنی" کہنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا رام مندر میں مبینہ چندہ خرد برد کے معاملے نے ہندو سماج کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔پٹنہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گرراج سنگھ نے کہا کہ مبینہ خرد برد کے معاملے میں جو بھی قصوروار پایا جائے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج کل کچھ 'جعلی' رام بھکت خود کو 'سَناتنی' کہنے لگے ہیں۔ چوری کے اس واقعے سے ہندو سماج کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ وہاں کی حکومت کارروائی کے لیے تیار ہے۔ کسی بھی مجرم کو نہیں بخشا جائے گا۔ ملک کے سَناتنیوں کو ایسے جعلی لوگوں سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
مرکزی وزیر نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی بھگوان رام کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ چاہے کانگریس ہو یا اکھلیش یادو، انہوں نے کبھی بھگوان رام کے وجود کو قبول نہیں کیا۔ آج یہی لوگ خود کو رام بھکت ظاہر کر رہے ہیں۔ حکومت قصورواروں کو سزا دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
رام مندر چندہ خرد برد کا تنازع اس وقت شروع ہوا جب 25 جون کو شری رام جنم بھومی مندر میں موصول ہونے والے چندے میں مبینہ خرد برد کے معاملے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی۔ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ وہ غیر جانبدارانہ تحقیقات اور عقیدت مندوں کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس سے قبل، بدھ کے روز سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے رام جنم بھومی مندر میں مبینہ چندہ خرد برد کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور الزام لگایا تھا کہ پارٹی نے "بھگوان رام" اور آئینی اقدار دونوں سے غداری کی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے "مریادا" کے تصور کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو صرف چندے کی رقم کی فکر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھگوان رام سے غداری کی ہے۔ مریادا کی پہلی شناخت بھگوان شری رام ہیں اور دوسری آئین ہے، لیکن بی جے پی نے دونوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ بی جے پی کو اس بات کا خوف ہے کہ کہیں چندہ اور عطیات آنا بند نہ ہو جائیں۔
جمعہ کے روز کانگریس کے سینئر رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے اپنی رہائش گاہ کے باہر ایک پوسٹر لگایا، جس پر لکھا تھا: "چندہ چوروں کا داخلہ ممنوع ہے"۔ انہوں نے ایک بار پھر ایودھیا رام مندر میں جمع کیے گئے عطیات کے مبینہ غلط استعمال کے الزامات کو دہرایا۔
دگ وجے سنگھ نے کہا کہ انہوں نے بھی رام مندر کے لیے چندہ دیا تھا اور اب وہ اپنی رقم کی واپسی کے لیے ایودھیا جا کر عدالت میں مقدمہ دائر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ رام مندر کے لیے دو بار چندہ مہم چلائی گئی تھی۔ پہلی بار اس وقت جب ایل کے اڈوانی نے رتھ یاترا نکالی تھی۔ میں نے اس وقت بھی چندہ دیا تھا کیونکہ مجھے رام مندر اور بھگوان رام پر عقیدہ ہے۔ لیکن آج تک اس چندے کا کوئی حساب پیش نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وشو ہندو پریشد نے دوبارہ چندہ مہم شروع کی، لیکن میں نے انہیں چندہ نہیں دیا کیونکہ مجھے ان پر اعتماد نہیں تھا۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ٹرسٹ کے ایک اہم عہدیدار چمپت رائے نے بیرونی افراد کو 10 سے 15 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر تعینات کیا، اور روزانہ چندے میں آنے والی نقد رقم کا 10 سے 20 فیصد حصہ غائب ہو جاتا تھا۔ ان کے مطابق، اس میں بعض بینک اہلکاروں اور ملازمین کے ملوث ہونے کے الزامات بھی ہیں، جو بھگوان رام کے عقیدت مندوں کے اعتماد کے ساتھ ایک سنگین دھوکہ ہے۔
دگ وجے سنگھ نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں ایودھیا میں عدالت سے رجوع کروں گا اور مؤقف اختیار کروں گا کہ میرے عطیے کا غلط استعمال اور لوٹ مار کی گئی ہے، لہٰذا میری رقم مجھے واپس کی جائے تاکہ میں اسے ہمارے قائم کردہ ٹرسٹ میں جمع کرا سکوں۔ میں عدالت سے انصاف طلب کروں گا۔ پولیس پر کیسے بھروسہ کیا جا سکتا ہے؟ پولیس بی جے پی کے زیر اثر ہے۔
دریں اثنا، پولیس نے رام مندر چندہ خرد برد کیس میں گرفتار ایک اور ملزم اویناش شکلا کی گاڑی ضبط کر لی ہے۔یہ گاڑی کوشل پوری کالونی سے برآمد کی گئی اور اسے رام جنم بھومی پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، اویناش شکلا کو جمعہ کی رات گرفتاری کے بعد ایودھیا ضلع جیل بھیج دیا گیا تھا۔
ادھر، خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کو اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 15 دن کی مزید مہلت دی گئی ہے۔ یہ توسیع اس لیے دی گئی ہے تاکہ تحقیقاتی ٹیم اپنے دائرۂ کار کو وسیع کرتے ہوئے معاملے کے تمام پہلوؤں کی جامع تحقیقات کر سکے۔