تل ابیب
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے اس خبر کو مسترد کر دیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی حکام کو خدشہ تھا کہ اسرائیل رواں سال کے آغاز میں اسلام آباد مذاکرات کے دوران ایران کے سینئر مذاکرات کاروں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ہمیشہ کی طرح، اسرائیل اور ایرانی مذاکرات کاروں سے متعلق نیویارک ٹائمز کی تازہ رپورٹ جھوٹی خبر ہے۔ یہ حقیقت کو مکمل طور پر مسخ کرنے کی کوشش ہے۔
نیویارک ٹائمز کا دعویٰ
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حکام نے رواں سال اسلام آباد مذاکرات کے دوران بالواسطہ طور پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل انہیں قتل کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔
امریکی اخبار نے موجودہ اور سابق امریکی حکام کے حوالے سے مزید دعویٰ کیا کہ بعض امریکی عہدیداروں کا خیال تھا کہ 8 اپریل کو جنگ بندی کے بعد کے ہفتوں میں اسرائیل ان دونوں سینئر ایرانی مذاکرات کاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ یہ جنگ بندی امریکہ-اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کو روکنے کے لیے عمل میں آئی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ انہی خدشات کے باعث امریکی حکام نے خطے کے مختلف ممالک میں اپنے ہم منصبوں سے کہا تھا کہ وہ تہران کو خبردار کریں کہ اسرائیل عباس عراقچی اور محمد باقر قالیباف کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتا ہے۔
اسرائیل کی سخت تردید
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے جمعہ کو اس رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا۔الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں یاد دلایا کہ ماضی میں بھی اسرائیل پر علاقائی تنازعات کے دوران مذاکرات میں شامل فریقین کو نشانہ بنانے کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔ رپورٹ میں ستمبر 2025 کے ایک واقعے کا حوالہ دیا گیا، جس میں اسرائیل پر الزام تھا کہ اس نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے مذاکراتی وفد کو نشانہ بنایا تھا، جہاں وہ مبینہ طور پر اسرائیل کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی تجویز پر بات چیت کے لیے جمع ہوئے تھے۔
نیتن یاہو اور ٹرمپ کی جلد ملاقات پر اتفاق
دریں اثنا، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران مستقبل قریب میں امریکہ میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے امریکہ کے قیام کی 250ویں سالگرہ پر صدر ٹرمپ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امریکہ ہی دنیا کی آزادی کو یقینی بناتا ہے، اور اسرائیل دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم نیتن یاہو اور صدر ٹرمپ نے جلد ہی امریکہ میں ملاقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔تاہم، وزیر اعظم کے دفتر نے مجوزہ ملاقات کی تاریخ یا مقام کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
دوحہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت کا دعویٰ
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یکم جولائی کو قطر اور پاکستان نے دوحہ میں امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں مکمل کیں، جن میں 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) سے متعلق معاملات پر "مثبت پیش رفت" کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ فریقین نے آئندہ مدت کے دوران مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، اور سابق ایرانی سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے بعد جلد از جلد اگلی ملاقات کی تاریخ طے کی جائے گی۔