دہلی : جعلی موبائل فون ریکیٹ کا پردہ فاش، دو گرفتار

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-04-2026
دہلی : جعلی موبائل فون ریکیٹ کا پردہ فاش، دو گرفتار
دہلی : جعلی موبائل فون ریکیٹ کا پردہ فاش، دو گرفتار

 



نئی دہلی
دہلی پولیس نے نقلی موبائل فون تیار کرنے اور فروخت کرنے والے ایک بین الریاستی گینگ کا پردہ فاش کیا ہے اور اس سلسلے میں وسطی دہلی سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، ایک افسر نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔
ملزمان کی شناخت روپ کشور کھنڈیلوال (45) اور پپو گپتا (34) کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں کرول باغ اور آنند پربت علاقوں میں کرائے کے دو مقامات پر مشترکہ چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔مخصوص خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے ایک بڑی موبائل کمپنی کے مجاز نمائندے کی موجودگی میں آپریشن انجام دیا، تاکہ ضبط شدہ سامان کی تکنیکی جانچ کی جا سکے۔
پولیس افسر کے مطابق، چھاپوں کے دوران پولیس نے 1,658 تیار حالت میں موبائل فون برآمد کیے، اس کے ساتھ بڑی مقدار میں پرزے بھی ملے، جن میں آئی ایم ای آئی چپس، خراب موبائل، مدر بورڈز، چارجرز، بیٹریاں اور ڈسپلے اسکرینیں شامل ہیں، نیز ڈیوائسز کو دوبارہ تیار کرنے کا سامان بھی ضبط کیا گیا۔ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ملزمان تقریباً دو سال سے یہ غیر قانونی کام کر رہے تھے اور اتر پردیش، ہریانہ اور مغربی بنگال کے اسکریپ ڈیلرز سے پرانے اور خراب موبائل فون اور پرزے حاصل کرتے تھے۔
افسر نے بتایاکہ ان فونز کو مقامی پرزوں کی مدد سے دوبارہ تیار کیا جاتا تھا، ان میں جعلی آئی ایم ای آئی نمبر لگائے جاتے تھے اور انہیں نئے برانڈڈ فونز کی طرح پیک کر کے فروخت کیا جاتا تھا۔ یہ نقلی فون دہلی کے بازاروں، بشمول غفار مارکیٹ، میں سپلائی کیے جاتے تھے اور مدھیہ پردیش اور راجستھان جیسے دیگر ریاستوں میں بھی بھیجے جاتے تھے۔
اس معاملے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔