حیدرآباد،: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی مدتِ کار میں باضابطہ طور پر توسیع کر دی گئی ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کے 22 جولائی 2026 کے مکتوب کی روشنی میں صدرِ جمہوریۂ ہند نے، بطور وزیٹر، ان کی میعاد میں توسیع کی منظوری دی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر سید عین الحسن کی نمایاں تعلیمی خدمات اور یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔
پروفیسر سید عین الحسن کو 23 جولائی 2021 کو مانو کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا، جبکہ انہوں نے 28 جولائی 2021 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔
اپنی مدتِ کار کے دوران انہوں نے یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی ترقی کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے۔ ان ہی کی قیادت میں مانو کو نیک (NAAC) کی جانب سے "A+" گریڈ حاصل ہوا، جبکہ QS عالمی درجہ بندی اور NIRF کی قومی رینکنگ میں بھی یونیورسٹی کی پوزیشن بہتر ہوئی۔
قومی تعلیمی پالیسی کے تحت یونیورسٹی میں لاء اسکول قائم کیا گیا، جہاں ایل ایل بی سمیت دیگر کورسز جاری ہیں۔ اس کے علاوہ کئی اختراعی اور عصری کورسز بھی متعارف کرائے گئے۔ ان کی خصوصی دلچسپی کے باعث وارانسی کیمپس کا قیام عمل میں آیا، جہاں بی ایڈ کالج کے ساتھ فاصلاتی تعلیم کے طلبہ کے لیے ریجنل سینٹر بھی قائم کیا گیا۔
حکومتِ ہند نے ان کی علمی و تعلیمی خدمات کے اعتراف میں جنوری 2025 میں انہیں پدم شری سے بھی نوازا تھا۔
ان کی مدتِ کار میں توسیع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد، اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ پروفیسر سید عین الحسن نے اس موقع پر اللہ تعالیٰ اور اربابِ اختیار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی نئی مدتِ کار میں بھی یونیورسٹی کو مزید ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے پوری لگن سے کام کریں گے۔