بی جے پی نے ممتا بنرجی پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-05-2026
بی جے پی نے ممتا بنرجی پر تنقید کی
بی جے پی نے ممتا بنرجی پر تنقید کی

 



نئی دہلی
ہندوستان میں سیاسی درجۂ حرارت اس وقت عروج پر پہنچ گیا ہے جب ترنمول کانگریس نے ووٹوں کی گنتی کے سپروائزرز سے متعلق الیکشن کمیشن کی تازہ ہدایت کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔اس اقدام پر بھارتیہ جنتا پارٹی نے سخت تنقید کی ہے، اور پارٹی کے قومی ترجمان اجے آلوک نے کہا کہ ٹی ایم سی اپنی بے چینی خود ظاہر کر رہی ہے، خاص طور پر حتمی نتائج سے پہلے۔
اجے آلوک نے  کہا کہ ٹی ایم سی کی بار بار عدالت جانے کی حکمتِ عملی سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ہائی کورٹ سے راحت نہیں ملی تو وہ سپریم کورٹ چلی گئیں۔ وہ آخر سوچ کیا رہی ہیں؟ کیا پہلے کبھی وہ گنتی کے عمل میں مداخلت کرتی تھیں؟ وہ ہر قدم پر خود کو بے نقاب کر رہی ہیں۔
آلوک نے مزید کہا کہ ٹی ایم سی کا یہ رویہ ہندوستانی سیاست میں ایک غیر معمولی صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ٹی ایم سی مکمل طور پر گنتی کے عمل کا بائیکاٹ بھی کر سکتی ہے، جو ہندوستانی سیاست کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا، اور اسے انہوں نے کمزوری کی علامت قرار دیا۔یہ تنازعہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گنتی کے دن کے لیے جاری کردہ نئے طریقۂ کار سے جڑا ہوا ہے۔ ہائی کورٹ سے مطلوبہ فیصلہ نہ ملنے کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی پارٹی نے معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچایا۔ٹی ایم سی کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے میں شفافیت کی کمی ہے، جبکہ  بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ قانونی اقدام ممکنہ انتخابی شکست کو جواز دینے کی پیشگی کوشش ہے۔
اس سے پہلے راجیہ سبھا کے رکن اور سینئر وکیل کپل سبل نے وضاحت کی کہ سپریم کورٹ نے ترنمول کانگریس کی عرضی کو مسترد نہیں کیا، بلکہ ان کے اس مؤقف سے اتفاق کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سرکلر پر مکمل طور پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔قومی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپل سبل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سرکلر میں پہلے ہی واضح کیا گیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دن مرکزی اور ریاستی حکومت کے ملازمین دونوں کو تعینات کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ اس معاملے میں مزید کسی حکم کی ضرورت نہیں ہے، سوائے اس کے کہ الیکشن کمیشن 13 اپریل کے سرکلر پر مکمل طور پر عمل کرے۔کپل سبل نے صحافیوں سے کہا، "میں عام طور پر ان معاملات پر تبصرہ نہیں کرتا جن میں میں عدالت میں پیش ہوتا ہوں، لیکن یہ ایک استثنا ہے۔ ہائی کورٹ میں ٹی ایم سی نے دلیل دی تھی کہ سرکلر غلط ہے کیونکہ اس میں کہا گیا ہے کہ کچھ بوتھوں پر گنتی میں بے ضابطگیوں کا خدشہ ہے، اس لیے ہر بوتھ پر ایک مرکزی افسر تعینات کیا جائے گا۔ جبکہ پہلے ہی ایک مائیکرو آبزرور موجود ہوتا ہے۔ ہائی کورٹ نے سرکلر کو درست قرار دیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا، "سپریم کورٹ میں ہم نے سرکلر کو چیلنج نہیں کیا بلکہ اس پر عمل درآمد کی اپیل کی۔ سرکلر میں واضح ہے کہ ای سی آءی نیٹ میں ایک خصوصی ماڈیول شامل کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے گنتی کے عملے کی رینڈمائزیشن اور شناختی کارڈ تیار کیے جائیں گے۔ اس میں مرکزی اور ریاستی ملازمین کا انتخاب متعلقہ ڈیٹا بیس سے کیا جائے گا۔ ہم نے کہا کہ اگر مرکزی ملازمین تعینات کیے جا رہے ہیں تو ریاستی ملازمین کو بھی شامل کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے سرکلر پر پوری روح اور نیت کے ساتھ عمل کرے گا۔ میڈیا کا یہ کہنا کہ ہماری عرضی مسترد ہو گئی ہے، غلط ہے۔