یو پی: اب ہر انڈے پر لکھنی ہوگی ایکسپائری ڈیٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-03-2026
یو پی: اب ہر انڈے پر  لکھنی ہوگی ایکسپائری ڈیٹ
یو پی: اب ہر انڈے پر لکھنی ہوگی ایکسپائری ڈیٹ

 



لکھنؤ
اتر پردیش کی یوگی حکومت نے انڈوں کے حوالے سے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق یکم اپریل سے ریاست میں فروخت ہونے والے ہر انڈے پر اس کی پیداوار کی تاریخ اور میعادِ استعمال (ایکسپائری ڈیٹ) درج کرنا لازمی ہوگا۔ اس نئے اصول کے بعد کوئی بھی دکاندار کسی گاہک کو خراب یا پرانے انڈے فروخت نہیں کر سکے گا، یعنی اب تازہ انڈے کے نام پر پرانا انڈا نہیں بیچا جا سکے گا۔ یہ اصول محکمۂ مویشی پالن اور فوڈ سیفٹی محکمہ کے احکامات پر نافذ کیا جا رہا ہے۔
اس کے بعد انڈے پر درج تاریخ دیکھ کر گاہک آسانی سے اندازہ لگا سکے گا کہ انڈا کتنا پرانا ہے اور کب تک استعمال کے قابل ہے۔ یہ اصول شفافیت لانے اور ملاوٹ یا باسی اشیائے خور و نوش کی فروخت کو روکنے کے لیے دونوں محکموں کی مشترکہ ہدایات پر نافذ کیا جا رہا ہے۔
انڈے کتنے دن تک محفوظ رہتے ہیں؟
چیف ویٹرنری آفیسر کے مطابق انڈے براہِ راست انسانی صحت سے جڑے ہوتے ہیں۔ کئی مقامات پر پرانے انڈے فروخت کیے جاتے تھے اور صارفین کو اس کی معلومات نہیں ہوتی تھی، لیکن اب اس اصول کے نفاذ سے شفافیت آئے گی اور لوگوں کو معیاری انڈے مل سکیں گے۔ عام درجۂ حرارت پر انڈا صرف دو ہفتے تک محفوظ رہتا ہے، لیکن اگر اسے ٹھنڈی جگہ (2 سے 8 ڈگری سیلسیس) میں رکھا جائے تو یہ تقریباً 5 ہفتوں تک محفوظ رہ سکتا ہے۔ بہت سے دکاندار اور تاجر انڈوں کو مناسب ٹھنڈی جگہ پر نہیں رکھتے، جس کی وجہ سے ان کے جلد خراب ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اتر پردیش حکومت نے واضح کیا ہے کہ یکم اپریل سے ہر انڈے پر اس کی ایکسپائری ڈیٹ اور پیداوار کی تاریخ لکھنا لازمی ہوگا۔ اگر کوئی تاجر یا پیدا کرنے والا اس اصول پر عمل نہیں کرتا تو اس کے انڈوں کو ضائع کیا جا سکتا ہے یا انسانی استعمال کے لیے ناموزوں قرار دیا جا سکتا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ قدم صارفین کی حفاظت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
انڈوں کے لیے الگ ذخیرہ
فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے قواعد کے مطابق انڈوں کو سبزیوں کے ساتھ ایک ہی کولڈ اسٹوریج میں نہیں رکھا جا سکتا کیونکہ دونوں کے لیے مختلف درجۂ حرارت درکار ہوتا ہے۔