یروشلم
ہندوستان نے ہفتہ کے روز اسرائیل میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ “انتہائی احتیاط برتیں اور ہر وقت چوکنا رہیں”، کیونکہ اسرائیل نے امریکہ کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف مشترکہ حملہ کیا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا كہ خطے میں موجودہ سیکیورٹی صورتِ حال کے پیش نظر، اسرائیل میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور ہر وقت چوکس رہیں۔
ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا كہ ہندوستانی شہریوں کو سختی سے ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اسرائیلی حکام اور ہوم فرنٹ کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ تمام حفاظتی ہدایات اور احکامات پر عمل کریں۔مزید کہا گیا كہ تمام ہندوستانی شہری نامزد پناہ گاہوں کے قریب رہیں اور اپنی رہائش یا کام کی جگہ کے قریب موجود محفوظ مقامات سے اچھی طرح واقفیت حاصل کریں۔
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا كہ ہندوستانی شہریوں کو اگلے احکامات تک اسرائیل کے اندر غیر ضروری اور غیر اہم سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ شہریوں کو مقامی خبروں، سرکاری اعلانات اور ہنگامی الرٹس پر باقاعدگی سے نظر رکھنے کی تلقین کی جاتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سفارت خانہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید معلومات اور اپ ڈیٹس جاری کرتا رہے گا۔ادھر اسرائیل نے ہفتہ کے روز دن کی روشنی میں ایران کے دارالحکومت پر حملہ کیا، جس کے بعد شہر کے وسطی علاقے سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ ابتدائی حملہ مبینہ طور پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفاتر کے قریب ہوا۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا كہ ریاستِ اسرائیل نے ریاستِ اسرائیل کو درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے ایران کے خلاف پیشگی حملہ کیا ہے۔اسرائیل ڈیفنس فورسز کی ہوم فرنٹ کمانڈ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ ملک بھر میں سائرن بجنے کے بعد وہ بم شیلٹرز کے قریب رہیں۔ہوم فرنٹ کمانڈ کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ “سیکیورٹی صورتِ حال کے پیش نظر” شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں اپنے قریب ترین محفوظ پناہ گاہ کا علم ہو اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔